تمام سٹیک ہولڈرز متحد ہو کر قومی مثبت کردار ادا کریں ‘لیاقت بلوچ

ریاستی اداروں ، سیاسی جمہوری قدروں ، قومی سلامتی اور قومی وحدت کے تحفظ کیلئے کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے

منگل 5 جون 2018 16:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے ان کی رہائش گاہ پر جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے ملاقات کی ۔ ایم ایم اے ، ملکی صورتحال ، انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، ذکر اللہ مجاہد ، احمد سلمان بلوچ ، اعجاز الحق ، مفتی عمر یونس بھی موجود تھے ۔

لیاقت بلوچ نے این اے 130 کی ٹاسک فورس کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کارکنان ،خواتین ، نوجوان انتخابی مہم میں ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں گے ۔ حلقہ کی تمام مساجد ، مدارس ، طلبہ ، اساتذہ ، نظام مصطفیٰ کے قیام اور ایم ایم اے کی کامیابی کے لیے بھر پور حصہ لیں گے ۔اسلامی قیادت نے عقیدہ ختم نبوت کا زبردست اور کامیابی سے دفاع کیا ۔

(جاری ہے)

عام انتخابات میں سیکولر سیاست ناکام ہوگی ۔

غلامان مصطفیٰؐکامیاب و کامران ہوں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس بہت اہم ہے ۔ سوشل میڈیا اب سب کی پگڑی اور گریبان تک پہنچ گیاہے ۔ قومی سلامتی ، قومی وحدت ، اسلامی نظریہ ، باہمی احترام و عزت کی تمام بنیادیں کمزورہوتی جارہی ہیں ۔ نئی نسل کی حفاظت اور سوشل میڈیا کی آڑ میں سب کچھ تباہ کرنے کا سدباب کرناہوگا ۔ ریاستی اداروں ، سیاسی جمہوری قدروں ، قومی سلامتی اور قومی وحدت کے تحفظ کے لیے کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے ۔ تمام سٹیک ہولڈرز متحد ہو کر قومی مثبت کردار ادا کریں ۔