Live Updates

ریحام کی کتاب کا مواد واہیات اور گھٹیا ہے،

فوری معافی مانگیں ورنہ قانونی چارہ جوئی کریں گے ، فواد چودھری

منگل 5 جون 2018 16:49

ریحام کی کتاب کا مواد واہیات اور گھٹیا ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ ریحام کی کتاب کا مواد واہیات اور گھٹیا ہے، فوری معافی مانگیں ورنہ قانونی چارہ جوئی کریں گے ،نوازشریف کو اپنی الیکشن مہم معافی سے شروع کرنی چاہئے، 5 سال میں عوام سے جھوٹے وعدے کئے، جمہوریت اور آئین کیلئے چیف جسٹس کی وواضح کی گئی پوزیشن قابل تعریف ہے،وعدے پورے نہ کرنے پر شہباز شریف چاہیں تو اپنا نام شبانہ رکھ لیں۔

منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ محمد نوازشریف کو اپنی الیکشن مہم معافی سے شروع کرنی چاہئے، ماضی میں انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کا سہارا لیا، 5 سال میں عوام سے جھوٹے وعدے کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے جمہوریت اور آئین کیلئے جو اپنی پوزیشن واضح کی ہے وہ قابل تعریف ہے، پوری قوم عدلیہ کی مداح ہے، چور، ڈاکو لٹیرے اسمبلیوں میں نہ پہنچیں اس کیلئے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن امیدواروں کی اضافی معلومات بھی طلب کرے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ وعدے پورے نہ کروں تو میرا نام بدل دیں، اب چاہیں تو وہ اپنا نام شبانہ رکھ لیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کتا شیرو بھی مشہور ہے، عمران خان سے جس کا بھی تعلق ہو وہ مشہور ہوہی جاتا ہے، ریحام کی کتاب کا مواد واہیات اور گھٹیا ہے، ان کی طلاق کو3برس ہوگئے۔انہوں نے یہ کہا کہ الیکشن سے دو ماہ پہلے کتاب کا شوشہ چھوڑا گیا ہے، امید تھی ریحام اپنی کتاب کے مواد کی تردید کریں گی، لیکن سوال گندم جواب چنا آیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں الیکشن سے پہلے بھٹو مرحوم کی جعلی تصویریں پھیلائی گئیں، 1996ء میں عمران خان کیخلاف سیتا وائٹ سکینڈل لایا گیا کیونکہ وہ سیاست میں آرہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کیا کوئی خاتون اس کتاب میں لکھی باتیں اپنے جوان بیٹے اور بیٹی سے ایڈٹ کرانے کا تصور کرسکتی ہی ریہام اپنے اخراجات کیسے پورے کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کیا اس کتاب کا مواد قبل از انتخابات دھاندلی کے زمرے میں نہیں آتا،کیا اس کتاب پر پابندی نہیں لگنی چاہیی انہوں نے کہا کہ یہ رائے ونڈ نیٹ ورک ہے جسے حسین حقانی کے ذریعے آپریٹ کیا گیا،احسن اقبال نے ریحام خان اور مریم نواز کی ملاقات کا بندوبست کیا،احسن اقبال کی ای میل کی تحقیق ہونی چاہئے۔

انہوںنے کہا کہ ریحام خان 24 گھنٹوں میں اس کتاب کے زیرگردش مواد کی تردید کریں ورنہ ان کی کتاب کا مواد شدید ترین قانونی کارروائی کا متقاضی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ الیکشن کمیشن نوٹس لے اور اس کتاب پر پابندی لگائے،اسلامی نظریاتی کونسل بھی اس کتاب کا نوٹس لے اور اس پر پابندی عائد کرے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کو ہماری خاندانی اقدار کی کوئی پرواہ نہیں ہے، وہ فوری معافی مانگیں ورنہ ہم ضروری قانونی چارہ جوئی کریں گے، اس بکواس سے پی ٹی ا?ئی کے چاہنے والوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات