ایک پوائنٹ کسی کام نہ آیا،

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز برابر ، قومی کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ ساتویں پوزیشن برقرار

منگل 5 جون 2018 16:56

لاہور۔5 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہونے سے قومی کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ ساتویں پوزیشن پر ہی رہی اور انگلینڈ کے خلاف ڈرا سیریز سے ملنے والا ایک پوائنٹ کسی کام نہ آیا۔پاکستان کے پاس انگلینڈ سے 2میچز کی سیریز میں وائٹ واش سے ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پانے کا بہترین موقع موجود تھا، مگر بدقسمتی سے لیڈز میں کھلاڑیوں نے اسے گنوا دیا۔

سیریز برابر ہونے کی وجہ سے انگلینڈ کو ایک پوائنٹ کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گرین شرٹس کو ایک پوائنٹ ملا، مگر دونوں کی سیریز سے پہلے کی بالترتیب پانچویں اور ساتویں پوزیشن میں کوئی فرق نہیں آیا۔لیڈز میں بلے بازوں کی نقص کارکردگی کی وجہ سے سینئر ترین پاکستانی بیٹسمین اظہر علی 4 درجے تنزلی کے بعد 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے،6 زینے نیچے اتر کر اسد شفیق اب 31 ویں درجے پرآگئے،اسی طرح دوسرے ٹیسٹ میں 56 رنز کی اننگز کھیلنے والے شاداب خان ایک ساتھ 22 درجے کی ترقی پاکر 108 ویں نمبر پر پہنچ گئے،34 رنز بنانے والے اوپنر امام الحق بنگلادیشی مصدق حسین کے ساتھ 118 ویں پوزیشن شیئر کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انجری کے باعث سیریز میں شرکت نہ کرنے والے یاسر شاہ بولرز میں بدستور 18 ویں پوزیشن کے ساتھ ہائی رینک پاکستانی بولر ہیں، محمد عباس 20 اور محمد عامر 32 ویں نمبر پر جگہ بنائے ہوئے ہیں۔شاداب خان کو بولنگ میں بھی 3 درجے ترقی حاصل ہوئی جس کی بدولت وہ 93 ویں نمبر پر پہنچ گئے، بیٹنگ چارٹ پر 38 درجے تنزلی کا منہ دیکھنے والے فہیم اشرف بولنگ میں 18 درجے ترقی پاکر 98 ویں نمبر پر سری لنکن مالندا پشپاکمارا کے ہم سر ہوچکے ہیں۔بولرز میں جیمز اینڈرسن نے ٹاپ پر موجود کاگیسو ربادا سے اپنا فاصلہ کم کرلیا،اسٹورٹ براڈ 2 درجے بہتری کے بعد اب دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم اب آئرلینڈ کے خلاف بارہ جون سے ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے گی۔

متعلقہ عنوان :