پاکستان اور پولینڈ کو دوطرفہ تعاون کے استحکام کیلئے پارلیمانی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،سینیٹر سلیم مانڈوی والا

دونوں ممالک میں پارلیمانی ، ثقافتی و اقتصادی تعلقات کے ذریعے باہمی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی وسیع گنجائش موجود ،ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی پولش سفیر سے گفتگو

منگل 5 جون 2018 17:41

پاکستان اور پولینڈ کو دوطرفہ تعاون کے استحکام کیلئے پارلیمانی سطح ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پاکستان اور پولینڈ کے مابین دوطرفہ تعاون کے استحکام کیلئے پارلیمانی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو دیگر دوسرے شعبوں میں بھی وسعت دی جائے ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات پولینڈ کے سفیر پیوٹر اندرج اوپلنسکی سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خصوصاً کثیر جہتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی ، ثقافتی و اقتصادی تعلقات کے ذریعے باہمی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی وسیع گنجائش موجود ہے اور دونوںملک ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور پولینڈ میں پائے جانے والے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پارلیمانی روابط کے استحکام کیلئے پارلیمانی دوستی گروپوں کو موثر بنانے کی ضرورت ہے ۔ پولینڈ کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ پاکستان کے ساتھ دفاع ، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون کیلئے گنجائش موجود ہے انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو پولینڈ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پولینڈ کی عوام پارلیمان اور حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سرمایہ کاری کے ذریعے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے مواقعوں کی تلاش کیلئے دونوں ملک باہمی تعاون کو مستقبل میں مزید فروغ دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :