الخدمت نے جرمانے کی رقم ادا کر کے 28 قیدیوں کو رہائی دلا دی

منگل 5 جون 2018 17:48

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) الخدمت نے کراچی کی 2 جیلوں سے 28 قیدیوں کو رہائی دلا دی۔ رہائی سینٹرل جیل اور ملیر جیل سے دلائی گئی جہاں یہ قیدی اپنی سزا مکمل کر چکے تھے مگر جرمانے کی رقم نہ ہونے کی وجہ سے مزید سزا بھگت رہے تھے۔ الخدمت نے گزشتہ روز ان کے جرمانوں کی رقوم ادا کر کے انہیں رہائی دلا دی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رہائی کے موقع پر قیدی بہت خوش تھے، انہوں نے الخدمت کا شکریہ ادا کیا اور اس کی خدمات کو سراہا۔

رہائی پانے والے قیدی اب اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں گے۔ رہائی کے موقع پر قائم مقام چیف ایگزیکٹو الخدمت راشد قریشی موجود تھے۔ جرمانے کی رقم کی ا دائیگی کا عمل الخدمت کے منیجر (کوارڈینیشن) منظر عالم کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا قیدیوں نے رہائی کے بعد امیر جماعت اسلامی و صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن سے الخدمت ہیڈ آفس میں ملاقات کی اور رہائی پر ان کا اور الخدمت کا شکریہ ادا کیا۔

قیدیوں سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمن نے انہیں رہائی پر مبارکباد دی اور کہا کہ جن جرائم کا ارتکاب آپ سے ہوا ہے اس کی سزا آپ پا چکے ہیں اوررہا ئی کہ بعد آپ الحمدللہ آزاد ہیں مگر ضروری ہے کہ آپ اللہ رب العزت سے اپنے گنا ہوں کی صدق دل سے معافی مانگیں اوراپنی زندگیوں کا رخ دین اسلام کی طرف موڑ لیں تاکہ آپ دنیا اورآخرت کی بھلائیاں حاصل کر سکیں اور معاشرے میں بہترین فرد کے طور پراپنا کردار ادا کر سکیں۔