Live Updates

پیپلز پارٹی کو چاہئے صوبہ سندھ میں آئندہ عام انتخابات میں دوبارہ جیتنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے ،الیاس شیخ

منگل 5 جون 2018 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سیکریٹری اطلاعات الیاس شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو چاہئے کہ صوبہ سندھ میں آئندہ عام انتخابات میں دوبارہ جیتنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے کیونکہ گزشتہ دس سالوں میں پی پی نے سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کی ہے۔ آج بھی سندھ کے لوگ غربت و افلاس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

سندھ کے نوجوان بے روزگاری کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں۔ زرداری خاندان نے بھٹو کے نام پر سندھ کو دونوں ہاتھوںسے لوٹا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے اپنے دفتر واقع کلفٹن کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات طاہر ملک بھی موجود تھے۔ الیاس شیخ نے مزید کہا کہ زرداریوں کا مستقبل جیل میں ہے۔

(جاری ہے)

آج پی پی کے نظریاتی ورکر جوق درجوق تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ سندھ کے نوجوان اپنے بہتر مستقبل کے لیے چیئرمین عمران خان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں کتنے ہی منصوبے ادھورے چھوڑ کر ثابت کردیا کہ وہ منصوبے انہوں نے مکمل کرنے کے لیے شروع ہی نہیں کیے تھے۔ پی پی کی سابق سندھ حکومت نے وہ منصوبے سندھ کے لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے شروع کیے تھے۔

حقیقت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سندھ کے ووٹروں کو اندھا اور بہرا سمجھتے ہیں۔ سندھ کے عوام کو ان پر ثابت کرنا ہوگا کہ وہ اندھے اور بہرے نہیں ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصا ف اور چیئرمین عمران خان کو ووٹ دینا ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کی محرومیاں ختم کردے گی اور کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات