وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا

منگل 5 جون 2018 17:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا، شدید گرمی اور بجلی کی آنکھ مچولی سے ستائے روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے۔ منگل کی سہ پہر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ۔

(جاری ہے)

دوپہر تک آسمان صاف تھا تاہم دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش گوئی بھی درست ثابت ہوئی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کی سہ پہر کو بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ مری اور گلیات کے علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس سے موسم ٹھنڈا ہو گیا جبکہ آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں انتہائی تیز ہوائوں اور آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ۔ باران رحمت کے نزول پر روزہ داروں نے سکھ کا سانس لیا۔

متعلقہ عنوان :