عام انتخابات 2018ء کے سلسلہ میں فیصل آباد سے ن لیگی امیدواروں کی بڑی تعداد سامنے آگئی

پرویز ملک ‘سائرہ افضل تارڑ ‘خواجہ عمران نذیر ‘رانا ارشد ‘منشاء اللہ بٹ پر مشتمل کمیٹی کا خصوصی اجلاس تقریبا سولہ گھنٹے جاری رہا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے انٹرویوز کے دوران لیگی امیدواروں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کردی

منگل 5 جون 2018 18:52

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) عام انتخابات 2018ء کے سلسلہ میں فیصل آباد سے ن لیگی امیدواروں کی بڑی تعداد سامنے آگئی ، پرویز ملک ‘سائرہ افضل تارڑ ‘خواجہ عمران نذیر ‘رانا ارشد ‘منشاء اللہ بٹ پر مشتمل کمیٹی کا خصوصی اجلاس تقریبا سولہ گھنٹے جاری رہا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے انٹرویوز کے دوران لیگی امیدواروں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کردی ‘اس موقع پر رانا ثناء اللہ بھی وہاں موجود تھے لیکن وہ بھی صورتحال پر قابو پانے میں ناکام رہے ‘ آن لائن کے مطابق پرویز ملک ‘سائرہ افضل تارڑ ‘خواجہ عمران نذیر ‘رانا ارشد ‘منشاء اللہ بٹ پر مشتمل کمیٹی نے وکٹوریہ مارکی میں لیگی امیدواروں کے انٹرویوز کئے اور یہ سلسلہ سہ پہر تین بجے سے رات گئے تک تقریبا سولہ گھنٹے جاری رہا‘اس موقع پر رانا ثناء اللہ سمیت سابق قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران ‘الیکشن میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں سمیت عہدیداروں اور کارکنوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی ‘اس موقع پر امیدواروں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کردی جبکہ این اے 109سے ٹکٹ کے خواہشمند میاں عبدالمنان اور اعجاز ورک کے حامیوں میں ہونیوالا لڑائی جھگڑا اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ شادی ہال کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ‘دوران انٹرویو سابق وزیر مملکت طلال چوہدری کے مقابلے میں درخواست دینے والے امیدواروں میں ارشد بیگ اور آفتاب اکبر نے موصوف پر الزامات کی بوچھاڑ کردی ‘ارشد بیگ نے کہاکہ اگر پارٹی نے طلال چوہدری کو ٹکٹ دیا تو پارٹی بڑے مارجن سے شکست کھائے گی ‘آفتاب اکبر نے کہاکہ طلال چوہدری خود وزیر مملکت تھے اور انہوںنے اپنے چچا کو چیئر مین مارکیٹ کمیٹی جبکہ کزن کو یوتھ کونسلربنوایا جبکہ ایم پی اے رائے حیدر نے بھی اپنے حقیقی بھائی کو چیئر مین میونسپل کمیٹی بنوایا جبکہ کارکن پانچ سال سے خوار ہورہے ہیں ‘آفتاب اکبر نے کہاکہ (ق) لیگ کے جلسے کروانے والوں کو ہرگز ٹکٹ نہیں دینی چاہیے ‘جبکہ این اے 107کے انٹرویوز کے دوران سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری اوران کے مقابلے میں درخواست دینے والے یوسی چیئر مین غفار سلطانی میں بھی جھگڑا ہو گیا اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچتے پہنچتے رہ گیا تاہم دیگر افراد نے دونوں کے درمیان بیچ بچائو کروایا ‘کمیٹی تمام امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد رپورٹ مرتب کرکے اعلیٰ قیادت کو پیش کریگی جس کے بعد پارٹی ٹکٹ جاری کئے جائینگے ۔