خوشحالی مائیکر وفنانس بینک اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے درمیان گلگت بلتستان میں مل کر کا م کرنے کے معاہدے پردستخط

منگل 5 جون 2018 18:52

خوشحالی مائیکر وفنانس بینک اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے درمیان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء)خوشحالی مائیکر وفنانس بینک اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (اے کے آرایس پی) نے ایک معاہدے پردستخط کردئیے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے گلگت بلتستان میں مل کر کا م کریں گے ۔ معاہدے پر دستخط کے موقع پر خوشحالی مائیکروفنانس بینک کے صدر غالب نشتر اور جنرل مینیجر آغا خان رورل سپورٹ پروگرام، مظفرالدین اور سینئر مینجمنٹ کے ارکان موجود تھے۔

معاہدے کے تحت آغا خان رورل سپورٹ پروگرام خوشحالی مائیکروفنانس بینک کو علاقے میں مالی خدمات فراہم کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ دونوں اداروں نے گلگت بلتستان کی عوام کی ضروریات کے مطابق مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لئے مقامی اداروں کے ساتھ اتحاد سازی کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے ،جو مقامی کمیونٹی کے سماجی اوراقتصادی حالات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کا مقصد علاقے میں مالیاتی شمولیت کو فروغ دینا اور مقامی لوگوں کو اپنی اقتصادی صلاحیت کو بہتر بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے غالب نشتر نے کہا کہ مضبوط مالیاتی ادارے گلگت بلتستان کے علاقے کی ایک اہم ضرورت ہے، مالیاتی شعبوں کو ان علاقوں تک پہنچناہوگا جہاں ان کی موجودگی نہیں۔مجھے یقین ہے کہ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے ساتھ یہ شراکت داری ہمیں گلگت بلتستان میں ضروری مالیاتی سہولیات فراہم کرنے کی اجازت دے گا جس سے کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں اور معیشت میں بہتری آئے گی۔۔