صدر آزاد کشمیر کی کشمیری نوجوان قیصر بٹ کو جان بوجھ کر ایک گاڑی کے نیچے کچل کر شہید کرنے کی شدید مذمت

منگل 5 جون 2018 19:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیرمیں سنٹرل ریزرو پولیس کی جانب سے کشمیری نوجوان قیصر بٹ کو جان بوجھ کر ایک گاڑی کے نیچے کچل کر شہید کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے معصوم کشمیریوں پر ظلم و جبر کا ایک نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تاکہ وہ اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کی جدوجہد سے دستبردار ہو جائیں۔

ان خیالات کا اظہار صدر نے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، جنہوں نے آج یہاں ایوان صدر میں صدر ریاست سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پلوامہ میں حالیہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں ، معصوم کشمیریوں کے قتل عام اور پرامن و غیر مسلح کشمیری مظاہرین کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال کی مذمت کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

صدر اور وزیر اعظم دونوں رہنمائوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی سیاسی اور سفارتی حمایت تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا واحد حل اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے۔ دوران ملاقات ؔصدر نے وزیر اعظم کو 13ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مبارکباد دی۔ صدرنے آزاد جموں کشمیر کونسل ریفارمز پر دعملدرآمد کو یقینی بنانے اور انتظامی و مالیاتی اختیارات کی آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کو آزادانہ منتقلی کے لئے ایک فریم ورک قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔