آزاد کشمیر کے سینئر وزیرطارق فاروق کی صدر آزاد کشمیر سے ملاقات

منگل 5 جون 2018 19:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) آزاد کشمیر کے سینئر وزیر و وزیر فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ ، زراعت و امور حیوانات طارق فاروق نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں صدر ریاست سے ملاقات کی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے حکمران جماعت کی مشترکہ کوششوں سے جموں و کشمیر کونسل سے متعلقہ 13ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی سربراہی میں سرانجام دیا گیا یہ کارنامہ آزادکشمیر کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

صدر نے 13ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے سلسلہ میں سینئر وزیر طارق فاروق کے کردار اور ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ صدر نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر کونسل ریفارمز کے تحت اختیارات کی آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کو منتقلی سے آزاد جموں وکشمیر کے منتخب نمائندگان کو قانون سازی کے اختیارات کے ساتھ ساتھ انتظامی و مالی اختیارات بھی حاصل ہونگے۔

(جاری ہے)

صدر اورسینئر وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری کو فوری نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں امن و امان بحال کئے جانے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے جانے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔