عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے‘رفیق رجوانہ

پاکستان کو آگے لے جانا ہے تو ہمیںقانون و انصاف کی عمل داری کو یقینی بنانا ہوگا‘ گورنر پنجاب

منگل 5 جون 2018 19:33

عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری کو اپنا بھر پور کردار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) گو رنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ سے نئی تعینات ہونے والی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے عاصمہ حامد کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی ذمہ داریاں سبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد نے کہا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انصاف کی بالادستی کے لئے کام کریں گی۔ بعد ازاںگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں ڈسٹرکٹ بار دیپالپور کے وکلاء کے 10رُکن وفد نے ایڈووکیٹ ملک اسحاق سندھو کی قیادت میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے لئے وکلاء برادری کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے لئے دًردًر کی ٹھوکریں کھانے والے مظلوم افراد کا اللہ کے بعد اگر کوئی سہارا ہوتا ہے تو وہ وکلا ہیں۔ گورنر نے کہا کہ بلاشبہ وکلاء برادری نے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جمہوریت کی بحالی و آزاد عدلیہ کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانا ہے تو ہمیںقانون و انصاف کی عمل داری کو یقینی بنانا ہوگا۔ گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ ِان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔