ڈکیتی اور قتل کی واردات میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار، دیگر ملزمان جلد پکڑے جاائیں گے۔ایس پی پوٹھوار

منگل 5 جون 2018 19:37

راولپنڈی 05جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) ایس پی پوٹھوارڈویژن سید علی نے کہا ہے کہ راولپنڈی پولیس نے گذشتہ روز ڈکیتی اور قتل کی واردات میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئی ایس پی نے کہا ہے کہ 04جون کو علاقہ تھانہ آراے بازار میں 7بجے شام آئسکریم کمپنی کے سیلز مین محمد وحید ولد منور ، حفیظ جو کہ جھاورہ میں کمپنی کی گاڑی اور ڈرائیور کے ساتھ آئسکریم سپلائی اتارنے کے لیے گیا ۔

جہاں دو ملزمان نوجوان لڑکے شلوار قمیض پہنے ہوئے آئے اور اسلحہ کی نوک پر سب کچھ نکالنے کو کہا ۔مقتول وحیدسیلز مین کے مزاحمت کرنے پر ایک ملزم نے سیدھے فائر محمد وحید پر کیے جو وحید کے جسم کے مختلف حصوں پر لگے ۔

(جاری ہے)

وحید ہسپتال لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا ۔ ملزمان دوران واردات وحید اور اسکے ڈرائیور کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے ۔

جس پر مقدمہ نمبر 228مورخہ 04.06.18بجرم 302/397ت پ تھانہ آراے بازار درج ہوا۔ واردات کے فوراً بعد سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی افضال احمد کوثر نے فوری طور پر ایس پی پوٹھوہار ڈویژن سید علی کی براہ راست زیر نگرانی، ڈی ایس پی کینٹ فرحان اسلم کی سربراہی اور ملک طارق مسعود ایس ایچ او آراے بازار پر مشتمل ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی ۔ تشکیل شدہ ٹیم نے چند گھنٹوں میںتمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج ، موبائل ڈیٹا اور دیگر جدید خطوط پر تفتیش عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ کے مرکزی ملزم عبد الغفور کو گرفتار کر لیا ہے ۔واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے گرفتار شدہ ملزم کی نشاندہی پر ریڈ کیے جا رہے ہیںجن کی گرفتاری میں جلد کامیابی متوقع ہے ۔