اتمان خیل قومی اتحاد نے این اے 8مالاکنڈ کیلئے الحاج محمد خان اتمان خیل کو نامزد کرنیکا اعلان کردیا

ن لیگ سے ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں الحاج محمد خان کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے پر مجبور کریں گے، ترجمان

منگل 5 جون 2018 18:10

درگئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) ترجمان اتمان خیل قومی اتحاد حاجی زیراب گل نے کہا کہ اتمان خیل قومی اتحاد نے این اے 8مالاکنڈ کیلئے سابقہ مسلم لیگی ایم این اے الحاج محمد خان اتمان خیل کو نامزد کرنے کا اعلان کردیا ہے ،مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ قیادت سے الحاج محمد خان اتمان خیل کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی بھی اپیل ، الیکشن 2018میں مالاکنڈ کی 70 فیصد اتمان خیل صرف اتمان خیل امیدوار کو ہی ووٹ دیں گے ، پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں الحاج محمد خان اتمان خیل کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے پر مجبور کریں گے۔

وہ گرینڈ جرگہ کے بعد پریس بریفنگ دے رہے تھے ۔ اتمان خیل قومی اتحاد کے پر ہجوم اجلاس کے بعد این اے 8مالاکنڈ کیلئے سابقہ مسلم لیگی ایم این اے الحاج محمد خان اتمان خیل کو نامزد کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے اور اس فیصلے کا اعلان اتمان خیل قومی اتحاد مالاکنڈ کے ترجمان ریٹائرڈ ڈی ایس پی حاجی زیراب گل اتمان خیل نے دیگر عہدیداروں سابقہ ناظم کوٹ فیاض گل ، نیاز محمد ٹھیکہ دار ، میجر ریٹائرڈ خوشحال خان ، اتحاد کے جنرل سکرٹری گل نبی گل اور دیگر کے ہمراہ یہاں درگئی میں اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتمان خیل قومی اتحاد کے گرینڈ جرگہ کے دوران اتمان خیل عمائیدین نے اتمان خیل قوم کے سپوت اور دو مرتبہ ایم این اے اور ایم پی اے منتخب رہنے والے الحاج محمد خان اتمان خیل کی غیر مشروط نامادگی پر اتفاق ہوگیا ہے ۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ قیادت سے الحاج محمد خان اتمان خیل کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور اتمان خیل قومی اتحاد کے قوت کو باہم ملا کر این اے ۸ پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلیں گے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اتمان قوم کے ووٹرز صرف اتمان خیل امیدوار کو ہی ووٹ دیں گے اور مالاکنڈ میں اتمان خیل قوم کی تعداد کل آبادی کے 70فیصد ہے ۔

اتمان خیل قومی اتحاد نے اتمان خیل قوم کو متحد کیا ہے اور اس بار اتمان خیل قوم کا فیصلہ اٹل اور واجح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں بھی الحاج محمد خان اتمان خیل کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے پر مجبور کریں گے۔