خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی ملاوٹ شدہ دودھ کیخلاف ایکشن ، ڈیرہ اسماعیل خان میں 1800 لیٹر اور ایبٹ آباد میں 1300 لیٹر مضر صحت دودھ ضائع کردیا گیا، ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان

منگل 5 جون 2018 18:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ شدہ دودھ کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں دودھ سپلائی کرنے والے ٹینکرز کی چیکنگ کے دوران 1800 لیٹر مضر صحت دودھ کو ضائع کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق احمد نے سحری کے بعد ناکہ بندی کے دوران لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے توسط سے تین دودھ کنٹینرز کی چیکنگ کی، چیکنگ کے دوران دو کنٹینرز کا فیٹ لیول مجوزہ لیول سے کم نکلا جبکہ پانی کی ملاوٹ تیس سے چالیس فیصد رہی ، نتائج کی روشنی میں دونوں کنٹینرز میں موجود اٹھارہ سو مضر صحت دودھ کو ضائع کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ایبٹ آباد میں بھی انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کے دوران دوسرے اضلاع سے سپلائی کی جانی والی دودھ کی چیکنگ ہوئی ۔ تجزیے کے بعد تمام دودھ کو مضر صحت پایا گیا اور دودھ کو ضائع کیا کردیا گیا،ضائع کئے گئے دودھ کی مقدار تیرہ سو لیٹر سے زیادہ تھی۔