سی پیک منصوبے کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں

ون روڈ ون بیلٹ کے تحت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے،چینی وفد

منگل 5 جون 2018 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں، چین کے عظیم منصوبے ون روڈ ون بیلٹ کے تحت فوڈ،چائے، کافی،ڈرائی فروٹ، انرجی، سولر انرجی، اور ٹیکسٹائل میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار چین کے آٹھ رکنی تجارتی وفد نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کیا ۔

وفد کی قیادت لی پنگ نے کی ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر Ma Yiنے کہا کہ ان کا ادارہ چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر کاروباری مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے تاکہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارتی تعاون کو بڑھایا جا سکے راولپنڈی چیمبر کے صدر زاہد لطیف خان نے وفد کو بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک ) کے حوالے سے پاکستان میں تیزی کے ساتھ براہ راست سرمایاکاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں ان کو عملی شکل دینے اور پائیدار بنانے کے لیے ضروری ہے کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کیے جا ئیں پاکستان میں غیر ملکی سرمایا کاروں کے لیے ماحول سازگار ہے، حال ہی میں فاٹا کا صوبہ خیبر پختونخواہ کے ساتھ انضمام ہوا ہے جہاں پانچ سال کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی ہے ڈرائی فروٹ خاص طور پر چلغوزے کی برآمد بڑھانے کے لیے مقامی طور پر پروسسینگ پلانٹ کی ضرورت ہے چینی کمپنیاں ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں انہوں نے وفد کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبر چینی کمپنیوں اور وفد کو معلومات اور معاونت فراہم کرے گا اور متوقع شعبوں کی نشاندہی بھی کرے گا انہوں نے وفد کو راولپنڈی چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ کے منصوبے کے بارے میں مختصر بریفنگ بھی دی اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر ناصر مرزا، نائب صدرخالد فاروق قاضی سابق صدر حسین اوزگن، چیئر مین ریجنل ٹریڈ کمیٹی خورشید برلاس ، مجلس عاملہ کے اراکین چیمبر ممبران و دیگر موجودتھے۔