شہر میں پانی اور سیوریج کے مسائل حل ہوئے بغیر شہریوں کو کسی طور بھی مطمئن نہیں کیا جاسکتا،میئر کراچی

کراچی کے برساتی نالوں سے فیکٹریوں ، کارخانوں اور گھروں کے سیوریج کنکشن منقطع کرنے ہوں گے،وسیم اختر

منگل 5 جون 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر میں پانی اور سیوریج کے مسائل حل ہوئے بغیر شہریوں کو کسی طور بھی مطمئن نہیں کیا جاسکتا، کراچی کے برساتی نالوں سے فیکٹریوں ، کارخانوں اور گھروں کے سیوریج کنکشن منقطع کرنے ہوں گے بصورت دیگر مون سون کی بارشوں میں یہ نالے اوور فلو ہوسکتے ہیں اور شہریوں کو شدید پریشانی لاحق ہوسکتی ہے، نالوں کی صفائی کا کام برسات سے پہلے مکمل کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے منگل کے روز ڈاکٹر محمود حسین روڈ، طارق روڈ ، رازی روڈ، جھیل پارک اور پی ای سی ایچ ایس کے تفصیلی دورے کے موقع پر کہی، ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، میونسپل کمشنر شرقی اختر شیخ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر شرقی طارق مغل، سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے ایم سی عبدالرحمن شیخ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ پانی و سیوریج کے مسائل سے شہری بے انتہا پریشان ہیں جس قدر بھی شہریوں کو ریلیف دیا جاسکے دیا جائے گا، فیروز آباد تھانے کے سامنے 2300 فٹ پانی کی لائن ڈالی گئی ہے اور سیوریج کی لائنوں کو بھی درست کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جسے آج ہی موٹر ایبل بنانے کے لئے احکامات دیئے ہیں، انہوں نے کہا کہ تین دن کے اندر ڈاکٹر محمود حسین روڈ پر ترقیاتی کام مکمل کرکے استرکاری کی جائے، میئر کراچی نے کہا کہ طارق روڈ کے ساتھ اندرونی گلیوں سے تجاوزات کو ختم کرکے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ گلیوں میں دکانداروں نے بے انتہا تجاوزات قائم کردی ہیں جس کے باعث یہ گلیاں بند ہو کر رہ گئی ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں اندرونی گلیوں کی تعمیر کا کام جاری ہے اور ان کی تعمیر سے پہلے اس بات کو مدنظر رکھا جارہا ہے کہ سیوریج اور پانی کے نظام کو پہلے درست کیا جائے تاکہ سڑک کو دوبارہ نہ کھودا جائے ، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے مرکزی مقامات کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں کی گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر کے لئے بھی فنڈ ز جاری کئے گئے ہیں اور ان کی استرکاری کا کام بھی کیا جا رہا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں آنے والی سڑکوں اور گلیوں کا کام متعلقہ ڈی ایم سی کے ذمے ہے اور کے ایم سی اس معاملے میں ان سے تعاون کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں اور اندرونی گلیوں کی تعمیر کے لئے رقم مختص کی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ یوسی چیئرمین کو اپنی یونین کمیٹی کے مسائل حل کرنے کے لئے 25 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے اور مختلف یوسیز میں بلدیہ عظمیٰ کراچی بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام اور ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت بھی تعمیراتی کام کروا رہی ہے تاکہ گزشتہ دس سالوں سے نظر انداز کراچی کی گلیوں اور سڑکوں کو پختہ کیا جاسکے، میئر کراچی نے کہا کہ تجاوزات کراچی کے لئے ایک بہت بڑا مسئلہ ہیں اور اس کے پیچھے ایک بھرپور مافیا کام کرتا ہے جن کی بیخ کنی کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے۔