وزیراعلیٰ ہائوس میں شکایت سیل قائم کیا جائے گا، نگران وزیراعلیٰ سندھ

منگل 5 جون 2018 18:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ وزیراعلی ہائوس میں ایک شکایتی سیل قائم کرنے جارہے ہیں جہاں پر ہر قسم کی شکایات بالخصوص انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کی جائیں گی اور ان کا تدارک بھی کیا جائے گا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) کے ایک وفد جس کی قیادت سینیٹر مظفر حسین شاہ کررہے تھے، سے وزیراعلی ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفد میں سابق وزیراعلی سندھ ارباب غلام رحیم، عرفان اللہ مروت، سردار رحیم اور نعیم الرحمان شامل تھے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ بطور نگراں وزیراعلی کے غیر جانبدار ہیں اور ان کی ٹیم، حکومتی مشینری اور کابینہ بھی غیر جانبدار ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ آزاد اور صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد۔ جی ڈی اے کے وفد نے مختلف معاملات پر اپنے چند تحفظات کا اظہار کیا۔

نگراں وزیراعلی سندھ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں پر آپ سب کی سہولت کے لئے ہیں تاکہ آپ ایک اچھے اور آزاد ماحول جس میں کسی قسم کی مداخلت یا رکاوٹ نہ ہو الیکشن میں حصہ لے سکیں اور انشا اللہ الیکشن کے بعد ہمارے کردار کو سراہا جائیگا۔ وفد نے نگراں وزیراعلی سندھ کی جانب سے تعاون اور سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔