کوہاٹ پولیس نے دیسی شراب تیار کرنیوالی فیکٹری پکڑ لی

کاروائی میںمختلف شہروں کو دیسی شراب سپلائی کرنیوالے ماسٹر مائنڈ منشیات فروش کو بھی گرفتار کرلیا گیا

منگل 5 جون 2018 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) کوہاٹ پولیس نے دیسی شراب تیار کرنیوالی فیکٹری پکڑ لی ہے ۔کاروائی میںمختلف شہروں کو دیسی شراب سپلائی کرنیوالے ماسٹر مائنڈ منشیات فروش کو بھی گرفتار کرلیا گیاہے۔سٹی پولیس نے مخبر کی اطلاع پر پختون یار مارکیٹ پر اچانک چھاپے کے دوران سینکڑوں لٹر شراب برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس زرائع کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کے واضح احکامات کی روشنی میں منشیات کے خلاف پولیس کاشہر بھر میں بھر پور کریک ڈائون تسلسل سے جاری جسمیں کافی بڑی کامیابیاں حاصل کرلی گئی ہیں۔انسداد منشیات کے حوالے سے خصوصی مہم کے تحت جاری کاروائیوں کے سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ سٹی سب انسپکٹر محمد وقاص نے مخبر کی نشاندہی پر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ ہنگو روڈ پر سٹی پھاٹک کے قریب پختون یار مارکیٹ پر اچانک چھاپہ مارا جہاں ایک دکان کی تلاشی کے دوران پولیس نے دیسی شراب سے بھرے دو ڈرم پکڑ کر قبضے میں لے لئے۔

(جاری ہے)

کاروائی کے دوران پولیس نے کوہاٹ شہر اور ملحقہ اضلاع کو دیسی شراب سپلائی کرنیوالے ماسٹرمائنڈ منشیات فروش حسین گل ولد حسن گل سکنہ گڑھی بنوریان کوہاٹ سٹی کو بھی حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق دو ڈرموں سے مجموعی طور پر 300لٹر دیسی شراب برآمد ہوئی ہے جوکہ مخصوص کیمیائی عمل کے ذریعے تیار کی گئی ہے جبکہ پولیس نے دیسی شراب کی تیاری وفروخت اور مختلف شہروں کو سپلائی کرنیوالے ماسٹر مائنڈ منشیات فروش کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا ہے جن سے شراب فروشی کے بارے میں مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

تاہم ابتدائی تفتیش کے دوران زیر حراست ملزم نے دیسی شراب تیار کرنے اور کوہاٹ سمیت صوبے کے مختلف شہروں خصوصاً جنوبی اضلاع کو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی پولیس نے مختلف مقامات پر کاروائیوں کے تسلسل میں سینکڑوں لٹر دیسی شراب سمگل کرنے کے منصوبے ناکام بناکر منشیات کے چار سمگلروں کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کی انسداد منشیات کے حوالے سے جاری کاروائیوں کو شہریوں نے بے حد سراہاہے اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سنجیدہ حلقوں کے افراد نے ضلعی پولیس سربراہ کی ان مثالی اقدامات کو زبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :