پولیس کی سنیپ چیکنگ سکواڈ نے درجنوںغیر رجسٹرڈ افغان باشندوں سمیت6119مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا

منگل 5 جون 2018 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) کوہاٹ کی اہم اور حساس شاہراہوں پر پولیس کی سنیپ چیکنگ سکواڈ نے درجنوںغیر رجسٹرڈ افغان باشندوں سمیت6119مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔سال رواں کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران ایک ہزار سے زائد مقامات پر اچانک چیکنگ کی کاروائیوں میں کروڑوں مالیت کے ناجائز ہتھیار اور منشیات بھی پکڑی گئی ہیں جبکہ اضلاع کے مابین ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کرکے مئوثر اور مربوط ناکہ بندیوں کا دائرہ کار بین الاضلاعی رابطہ سڑکوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے اسلحہ ومنشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء ملک کے مختلف شہروں کو سمگل کرنے والے نیٹ ورک اور امن عامہ میں رخنہ اندازی کے مرتکب جرائم پیشہ عناصر کے تعاقب کی غرض سے جدید اسلحہ و مواصلاتی نظام سے لیس پولیس کی سنیپ چیکنگ سکواڈ کی کاکردگی کو بہتر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے ضلع کوہاٹ کوبین الاضلاعی روٹس کے حوالے سے مختلف حصوں میں تقسیم کردیا ہے جبکہ سکواڈ کو غیر قانونی مقیم افغانیوں کے خلاف کاروائی کا بھی اختیار دیتے ہوئے قانونی دستاویزات کے بغیر ضلع کے کسی بھی حصے میں رہائش پزیر افغان باشندوں کی فوری گرفتاری کے احکامات بھی جاری کردئیے ہیں۔

(جاری ہے)

مجرمانہ سرگرمیوں اور قانون شکن عناصر کے خلاف برسر پیکار پولیس کی اس سنیپ چیکنگ سکواڈ نے سال رواں کے ابتدائی پانچ مہینوں کے دوران کوہاٹ انڈس ہائی وے،کوہاٹ ہنگو روڈ،راولپنڈی روڈ،بنوں روڈ،میانوالی روڈ،نظام پور روڈاور کوہاٹ شہر کو مختلف اضلاع سے ملانے والی رابطہ سڑکوں پر مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 1093مقامات پر اچانک ناکہ بندیاں قائم کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی کی کاروائیوں میں سفری و شناختی دستاویزات کے بغیرپاکستان میں داخل ہوکر غیر قانونی رہائش اختیار کرنیوالے 36افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سال رواں کے اس عرصے کے دوران کاروائیوں میں پولیس نے چھوٹے بڑے جرائم میں ملوث 6119مشتبہ ملزمان کو بھی گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر 24کلوشنکوف،48شاٹ گن،25رائفل،240پستول،271چارجرز،46000مختلف بورکے کارتوس،120کلو گرام چرس،10کلو گرام ہیروئن،2کلو گرام آئس ،7کلو گرام افیون اور 60بوتل شراب برآمد کرلئے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں ہتھیاروں اور منشیات کے کثیر الاضلاعی اور بین الصوبائی سمگلر نیٹ ورک کے ارکان بھی شامل ہیںجنکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔