ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کے مختلف بازاروں پر اچانک چھاپے۔6 مالکان پر مقدمات درج کرکے عدالت پیشی کا حکم

منگل 5 جون 2018 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گل بانو، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ سمیع اللہ اور طاہر علی نے کوہاٹ کے مختلف بازاروں پر اچانک چھاپے مارے اور اشیائے خوردونوش کے نرخ چیک کیے۔اس دوران گرانفروشی اور تجاوزات کرنے والے 6 دکانداروں پر مقدمے کا اندراج کرکے انہیں عدالت پیشی کا حکم دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر گل بانو نے ہنگو روڈ پرواقع دکانوں اورمارکیٹوں کا دورہ کیا اور زائد المیعاد اشیاء رکھنے اور گرانفروشی کرنے والے 6 مالکان پر مقدمے کااندراج کرتے ہوئے انہیں اپنی عدالت میں پیشی کا حکم جاری کیا۔اسی طرح ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ سمیع اللہ اور طاہر علی نے بھی کوہاٹ شہر میں مختلف بازاروں کا اچانک دورہ کیا جن میں مین بازار کے علاوہ بلی ٹنگ اور گمبٹ بازار شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے فروٹ اور سبزیوں کے نرخ چیک کیے اور مالکان کو تاکید کی کہ وہ رمضان المبارک میں گرانفروشی سے اجتناب کریںاور ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری نرخنامے پر سختی سے کاربند رہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کوہاٹ عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثناء اے اے سی سمیع اللہ نے ایس ڈی اومحکمہ پبلک ہیلتھ لائق زمان اور سب انجنیئرزورعلی کے ہمراہ گمبٹ، خوشحال گڑھ ، استرزئی پایاں، توغ پایاں اور بازید خیل کا بھی دورہ کیا اور مذکورہ علاقوں میں پانی سپلائی کا دیرینہ مسئلہ حل کرادیا۔