پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی نے محمد حفیظ کی وضاحت تسلیم کرلی،آل رائونڈر تادیبی کارروائی سے بال بال بچ گئے

منگل 5 جون 2018 18:30

پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی نے محمد حفیظ کی وضاحت تسلیم کرلی،آل رائونڈر ..
لاہور۔5 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) بولنگ ایکشن قوانین کے حوالے سے آئی سی سی پر تنقید کرنے والے محمد حفیظ کی وضاحت کو پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی نے تسلیم کرتے ہوئے ان کے خلاف ایکشن نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد محمد حفیظ کمیٹی کی طرف سے کسی بھی قسم کی تادیبی کارروائی سے بال بال بچ گئے ہیں۔ آل رائونڈر محمد حفیظ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ شوکاز نوٹس کے جواب میں پی سی بی کی تین رکنی ڈسلپنری کمیٹی جس میں پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی ،ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون الرشید اور جی ایم لیگل سلمان نصیر شامل تھے کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا موقف بیان کیا، کمیٹی نے ان کا موقف تسلیم کرتے ہوئے اسے میڈیا کے سامنے بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں محمد حفیظ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میرا مقصد آئی سی سی کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے قوانین کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں تھا۔

(جاری ہے)

اپنے انٹرویو میں کسی بھی کرکٹ بورڈ کا ذکر نہیں کیا، میرے بیان میں صرف بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز دی گئیں تاکہ کسی شک و شبہ کی گنجائش نہ رہے، بدقسمتی سے میری بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر غلط رنگ دیا گیا،کمیٹی نے محمد حفیظ کی وضاحت کے بعد کسی قسم کا ایکشن نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔