قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازاہے ، ہمیں صرف اور صرف دیانتدار ، پرعزم ، باصلاحیت اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے،اقبال جھگڑا

تعلیمی نظام کو جدیددور سے ہم اہنگ اورفعال کردار کاحامل بنانے کی ضرورت ہے تاکہ قوموں کی برادری میں باعزت مقام حاصل کیاجاسکے،گورنرخیبرپختونخوا

منگل 5 جون 2018 19:55

قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازاہے ، ہمیں صرف اور صرف دیانتدار ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئراقبال ظفر جھگڑانے کہاہے کہ قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازاہے اور ہمیں صرف اور صرف دیانتدار ، پرعزم ، باصلاحیت اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے جو قومی تعمیر نو کے مقصد کو پروان چڑھا سکیں۔ انہوں نے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نئی نسل موجودہ چیلنجوں سے نبرد آزماہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تعلیمی نظام کو جدیددور سے ہم اہنگ اورفعال کردار کاحامل بنانے کی ضرورت ہے تاکہ قوموں کی برادری میں باعزت مقام حاصل کیاجاسکے۔وہ منگل کے روز ضلع صوابی میں ٹوپی کے مقام پر غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے 22ویں تقریب تقسیم اسناد سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کل 394 گریجویٹس میں ڈگریاںتقسیم کی گیئںجبکہ11 طلباء نے گولڈمیڈل حاصل کیا۔

تقریب سے انسٹیٹیوٹ کے ریکٹر انجینئرجہانگیر بشر کے علاوہ بورڈ آف گورنر کے سربراہ انجینئرشمس الملک نے بھی خطاب کیا ۔ادارے کے دیگراراکین وممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر نے گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگ ہی درحقیقت ملک کے معمار ہے اور قوم آپ سے یہ توقع رکھنے میں حق بجانب ہے کہ آپ اس کیلئے فعال کردار کی حامل قیادت ثابت ہوں تاکہ قومی تعمیر کے مقدس مقصد کو پروان چڑھایاجاسکے۔

گورنر نے کہاکہ ہم درحقیقت ایسے دور سے گزررہے ہیں جو بہت سی پیچیدگیوں کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام کو ایسے حالات میں یونیورسٹیوں اور اعلی تعلیمی اداروں سے جو توقعات وابستہ ہیں، جو محض روایتی درس وتدریس اور تحقیقی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ تعلیمی ادارے علمی صلاحیتوں میں اضافے ، تخلیق اور فروغ میں مشغول ہونے کے ساتھ ساتھ قوم کو درپیش مسائل کا حل بھی تلاش کریں۔

غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے گورنرنے کہاکہ عظیم ادارے محض تعمیرات اور عمارات سے نہیں بلکہ اعلی درسی و تدریسی اقدار اور اُس راہنمائی کے بدولت عظمت کے حامل ہوتے ہیں جو ان کے توسط سے نوجوان نسل کو حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ادارے درحقیقت اہل علم ، اساتذہ اور طلباء کے ہاتھوں پروان چڑھتے ہیں اور ہم ان کوششوں کو سراہتے ہیں جو ان امور کے تناظر میں اس ادارے کی جانب سے سرانجام دی جارہی ہے۔