رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں بھی جڑواں شہروں میں بجلی اور پانی کا شدید بحران

شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے سی ڈی ایاور راولپنڈی ترقیاتی ادارے کے اعلٰی افسران دفاتر میں آنے کے بجائے گھروں میں غافل بیٹھے رہے،دوسری جانب سحری اور افتار کے وقت پر بجلی کی بندش نے بھی شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا

منگل 5 جون 2018 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں بھی جڑواں شہروں میں بجلی اور پانی کا بحران شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے تاہم وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے )اور راولپنڈی ترقیاتی ادارے (آر ڈی اے )کے اعلٰی افسران دفاتر میں آنے کے بجائے گھروں میں غافل بیٹھے رہے ۔دوسری جانب سحری اور افتار کے وقت پر بجلی کی بندش نے بھی شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو گزشتہ کئی دنوں سے شدید گرمی کے ساتھ ساتھ پانی اور بجلی کے بحران نے بھی چاروں اطراف سے گھیر رکھا ہے شہری پانی کی بوند بوند کو ترستے رہے بچی کچی قصر بجلی کی بندش نے پوری کر دی ،ذرائع کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے )ور راولپنڈی ترقیاتی ادارے (آر ڈی اے )کی جانب سے شہریوں کو ماہ رمضان میں پانی کی فراہمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے جب کہ نجی ٹینکر مافیا نے اپنی پسند کی قیمتیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں ،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے پوش سیکٹرز F-7،F-6،F-8،E-11میں پانی اور بجلی کی فراہمی دی جا رہی ہے اور ان سیکٹرز کے رہائشی آرام دہ زندگی بسر کر رہے ہیں تاہم اسلام آباد کے سیکٹرز G-6,G-7,G-9,G-10,G-8,I-9اور I-10سمیت بیشتر سیکٹرزاور نواحی علاقوں ترلائی ،علی پور ،کھنہ پل ،سہالہ ،لوہی بھیر ،ترنول سمیت دیگر علاقوں میں رمضان کے دونوں عشروں میں پانی اور بجلی کی سپلائی سے محروم ہیںجبکہ راولپنڈی کینٹ بورڑ اور آر ڈی اے کی حدود میں آنے والے علاقے قائداعظم قالونی ،کشمیر کالونی ،ظفر پلازہ ،پیر محر علی شاہ ٹائون ،خیابان سرسید سمیت دیگر علاقوںمیں بھی شہریوں کو پانی اور بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

پانی کے بحران نے شہریوں کی سحری وافطاری کے اوقات میں مشکلات میںشدید اضافہ کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد بھر کو پانی فراہم کرنے کے لیے سی ڈی اے کے صرف 8 ٹینکرز دستیاب ہیںجوپانی کے مسئلہ پر توجہ دینے کے بجائے منظور نظر افراد کی خدمت میںلگا دئیے گئے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹینکر مافیا نے فی ٹینکر شہریوں سے 2500سی3500روپے وصول کر نے شروع کر دئیے ہیں ۔

دوسری جانب وفاقی دارلحکومت کی نواحی علاقوں میں 12سے 16گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا رمضان مشکل کر دیا ہے ۔آن لائن سے بات کرتے ہوئے شہری شیراز عادل کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی غفلت اور کاہلی نے شہر کو رمضان کے اس بابرکت مہینے میں کربلا کی مانت بنا دیا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اب عوام پر ایک ایسا وقت آن کھڑا ہوا ہے کہ ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ اپنی شکایات لے کر کس کے پاس جائیں رات کو بجلی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے بورنگ کا پانی بھی موصول نہیں ہوتا سحری اور افتار کے وقت پانی اور بجلی دونوں نہیں ہوتے دن میں 12گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ رہتی ہے ۔

تاہم اس امعاملے پر آن لائن کی جانب سے رابطہ کرنے پر سی ڈی اے کے افسران نے معاملے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بات کرنے سے گریز کیا