شاہرات کسی بھی معاشرے میں تعمیر و ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرتی ہیں، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

منگل 5 جون 2018 20:15

تراڑکھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کہا ہے کہ شاہرات کسی بھی معاشرے میں تعمیر و ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرتی ہیں لیکن بد قسمتی سے پونچھ کی سڑکیں کھنڈرات کا سمان پیش کر رہی ہیں۔لیکن ایسے لگتا ہے کہ حکومت پونچھ کو اپنا حصہ ہی نہیں سمجھتی ۔

میں نے خود عباسپور، ہجیرہ، تراڑکھل راولاکوٹ کی سڑکوں پر سفر کیا ہے یہاں پر گاڑی تو درکنار پیدل چلنا بھی محال ہے۔میں نے اپنے دور حکومت میں راولاکوٹ اور بنجوسہ کو ہل اسٹیشن بنانا تھا کیونکہ راولاکوٹ اور بنجوسہ اپنی خدادخوبصورتی کی وجہ سے مری سے زیادہ خوبصورت ہیں۔میں نے اس وقت کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل عزیز سے بھی اس سلسلے میں مددحاصل کی اور گوئیں نالہ روڈ اور پونچھ کی دیگر شاہرات تعمیر کرائیں۔

(جاری ہے)

جبکہ بعد میں آنے والی حکومتوں نے صرف کرپشن پر توجہ دی اور یہاں پونچھ کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔جہاں پر سیاحوں کو چلنا تھا وہاں پر مقامی لوگوں کا چلنا بھی محال ہے۔ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر اس علاقے کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنائے گی۔تراڑکھل ایک تاریخی جگہ ہے اور آج بھی ریڈیو تراڑکھل یہان سے چلتا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پونچھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔

ہم اقتدار میں آکر کر یہاں کے عوام کا احساس محرومی دور کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں تراڑکھل میں پی ٹی آئی کشمیر کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ کی صدارت و میزبانی سردار ندیم آزاد نے کی جبکہ اس موقع پرپی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان، سردار سعید خان، سردار مکھن، ابرار منہاس، امجد سدوزئی، رابعہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب ویسے بھی پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہو گئی ہے اور پی ٹی آئی اقتدار میں آکر کرپشن ختم کرکے تعمیر و ترقی کو آگے بڑھائے گی۔ ایسے لگتا ہے کہ حکومت کو عوامی مسائل حل کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں اور پونچھ کے مسائل سے کو ئی سروکار نہیں۔انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور حکومت میں آزاد پتن سے راولاکوٹ تک گوئی نالہ روڈ بنوائی لیکن اب کہوٹہ سے آزاد پتن تک کی سڑک کی حالت ناگفتہ بہ ہے شاید حکومت پاکستان یہ سمجھتی ہے کہ یہ انکے کام کی نہیں۔

حالانکہ میں جب وزیر اعظم تھا تو میں نے حکومت پاکستان سے یہ طے کیا تھا کہ پاکستان سے آزاد کشمیر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز کو ملنے والی سڑکیں این ایچ اے مکمل کرے گا لیکن بعد میں آنے والی حکومتیں یہ بھول گئیں اور کرپشن میں لگ گئیں۔ ویسے بھی حکومت پاکستان کی طرف سے جو حکومتیں آزاد کشمیر میں مسلط ہوئیں انہیں عوامی مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں رہااور وہ کرپشن میں مگن رہیں۔

لہذا اب عوام سوچ سمجھ کر ووٹ دیں اورایسے لوگوں کو ووٹ دیں جو کام میرٹ پر کرے ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر پر اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں 8 جولائی کو لندن میں برہان وانی شہاید کی برسی کے موقع پر بھارتی سفارتخانے کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر عوامی مسائل حل کرائیں گے اور میں پونچھ کے عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں ہی ان منصوبوں کو مکمل کرائونگا اور اس خطے کی خوبصورتی کی وجہ سے یہاں پر سیاحوں کو سہولیات مہیا کرکے اس علاقے کو سیاحوں کی جنت بنائوں گا۔راٹھور