رمضان کے مہینے میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ،خورشید شاہ

شدید لوڈشیڈنگ نے گزشتہ حکومت کے بجلی کی پیداوار میں اضافے کے جھوٹے دعووں کا پردہ بھی چاک کردیا ،گفتگو

منگل 5 جون 2018 20:15

رمضان کے مہینے میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ رمضان کے مہینے میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید لوڈشیڈنگ نے گزشتہ حکومت کے بجلی کی پیداوار میں اضافے کے جھوٹے دعووں کا پردہ بھی چاک کردیا ہے اور ملک میں اٹھ سے دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

پانچ سال حکومت کرنے والے بتائیں کہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ کہاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بھی تیاری کی جارہی ہے جس سے مہنگائی کا بڑا طوفان آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے عوام سے گمراہ کن وعدے کئے اور ملک پر قرضوں کا ناقابل برداشت بوجھ لاد کر روانہ ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت گزشتہ حکومت کی خراب کارکردگی کا بدلہ عوام سے نہ لے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ حکومت نے نہ تو ٹیکس نیٹ بڑھایا اور نہ ٹیکس کولیکشن سسٹم میں اصلاحات کیں جس کی سزا آج غریب عوام کو دی جارہی ہے۔ خورشید احمد شاہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرے اور عوام کو ریلیف مہیا کرے۔ظفر ملک