امید ہے نگران وزیر اعلیٰ ایماندار ،دیانتدار ، غیر متنازعہ اور قابل لوگوں پر مشتمل کابینہ تشکیل دیں گے۔سردار حسین بابک

منگل 5 جون 2018 20:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدرا امیر حیدر خان ہوتی اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس دوست محمد خان کی بطور نگران وزیر اعلیٰ نامزدگی پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اس مدبرانہ فیصلے کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں ، اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ جسٹس دوست محمد خان بہترین عہدوں پر تعینات رہے ہیں اور امید ہے کہ اپنے نگران دور حکومت میں بھی آئینی قانونی اور غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے اور موجودہ نگران دور حکومت میں ہونے والے اہم ترین انتخابات کو غیر جانبدار اور شفاف بنانے میں اپنا عملی اور مؤثر کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

پارٹی رہنماؤں نے توقع ظاہر کی کہ نگران وزیر اعلیٰ اپنی کابینہ کے انتخاب میں ایمانداری ، دیانتدار، قابل ،غیر جانبدار اور غیر متناذعہ شخصیات کا انتخاب کریں گے اور ایسی ٹیم تشکیل دیں گے جسے صوبے کے مسائل و مشکلات کا ادراک ہو ، انہوں نے کہا کہ نگران دور حکومت کے قلیل ترین عرصہ میں بھی یہی توقع رکھی جا سکتی ہے کہ جسٹس دوت محمد خان منجھے ہوئے تجربہ کار ،پیشہ ور اور باصلاحیت انسان ہیں لہٰذا وہ اپنی استطاعت کے مطابق صوبے کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔