نیب نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کیلئے سکروٹنی فسیلیٹیشن سیل قائم کردیا

الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لانا ہماراسرکاری ذمہداری اور قومی فرض ہے

منگل 5 جون 2018 20:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) قومی احتساب بیورونے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کیلئے سکروٹنی فسیلی ٹیشن سیل ( سہولت مرکز) قائم کیا ہے،الیکشن کمیشن آف پاکستان نیب سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے انتخابات2018ء کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے،ان انتخابات کا اہم پہلو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نیب سے قریبی رابطہ رکھنے کیلئے جامع طریقہ کار وضع کیا ہے تاکہ آ ئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے بارے میں معلومات بروقت شیئرکی جاسکیں۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرزاور تمام علاقائی بیوروز کو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مقررہ/کم سے کم وقت میں قانون کے مطابق مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کیلئے تعاون کیلئے سکروٹنی فیسیلیٹیشن سیل قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب ہیڈکوارٹرزاور تمام علاقائی بیوروزمیںسکروٹنی فیسیلیٹیشن سیل قائم کئے گئے ہیں،چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل آپریشن ظاہر شاہ کی نگرانی میںایڈیشنل ڈائریکٹر شکیل اانجم ناگرہ کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے تاکہ الیکشن شیڈول پر عملدرآمد کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کوبلا تعطل 24گھنٹے معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایاجا سکے۔

انہوںنے مزید ہدایت کی کہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مقررہ/کم سے کم وقت میں قانون کے مطابق مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لانا ہماراسرکاری ذمہداری اور قومی فرض ہے اور اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔