خوشی کا موقع ہے کہ قبائل کو مکمل طور پر خیبر پختونخوا میں شامل کیاگیا ،اس سے قبائلی عوام کی محرومیوں ،دہشت گردی اور انتہا پسندی میں کمی آئے گی اورعلاقہ میں امن و خوشحالی کا دور دورے گا

قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو کی افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو

منگل جون 20:55

خوشی کا موقع ہے کہ قبائل کو مکمل طور پر خیبر پختونخوا میں شامل کیاگیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ خوشی کا موقع ہے کہ قبائل کو مکمل طور پر خیبر پختونخوا میں شامل کیاگیا ،اس سے قبائلی عوام کی محرومیوں ،دہشت گردی اور انتہا پسندی میں کمی آئے گی اورعلاقہ میں امن و خوشحالی کا دور دورے گا۔منگل کو اسلام آباد میںسلیم صافی کی سربراہی میں فاٹا یوتھ جرگہ کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا خیبر پختونخوا انضمام میں تمام سیاسی جماعتوں اور باالخصوص فاٹا یوتھ جرگہ نے فعال کردار کیا جو قابل ستائش ہے۔

انھوں نے کہا کہ انضمام یہاں کے پختونوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کا حصول مشترکہ جدوجہد کی بدولت ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس سے قبائلی عوام کو ملک کے دوسرے شہریوں کے برابر حقوق حاصل ہوں گے اور قومی دھارے میں ان کا اپنا ایک اہم رول ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ملک کے دوسرے صوبوں کی طرح فاٹا میں بھی صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات جلد کرائے جائیں تاکہ فاٹا کے عوام کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی مل سکے۔

آفتاب شیرپائو نے فاٹا اصلاحات کو عملی جامہ پہنانے میں یوتھ جرگہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ فاٹا اور خیبر پختونخوا کا ایک ہونا پختون قوم کی فتح ہے اور اس سے ان کی آواز مزید مضبوط و موثر ہو جائے گی۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے ہر محاذ اور ہر فورم پر قبائلی عوام کی بھرپور نمائندگی کی اور ان کی خواہشات کے مطابق فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے اس کو کامیابی تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔

انھوں نے کہا کہ آج ہمارے لئے انتہائی خوشی کا موقع ہے کہ قبائل کو مکمل طور پر خیبر پختونخوا میں شامل کیاگیا ،انھوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے قبائلی عوام کی محرومیوں ،دہشت گردی اور انتہا پسندی میں کمی آئے گی اورعلاقہ میں امن و خوشحالی کا دور دورے گا۔انھوں نے کہا کہ قبائلی عوام کے حقوق کیلئے قبائلی نوجوانوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اور قومی وطن پارٹی نے اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کردارادا کیا۔

اس موقع پر سلیم صافی نے خطاب کرتے ہوئے فاٹا انضمام کے حوالے آفتاب احمد خان شیرپائو کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قومی وطن پارٹی کے چیئرمین کا اس ضمن میں کردار مثالی رہا۔انھوں نے کہا کہ آفتاب شیرپائو نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہماری مکمل حمایت کے ساتھ ساتھ فاٹااصلاحات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کیااور قبائلی عوام کی نمائندگی کا پورا پورا حق ادا کیا۔