شیر خدا حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت کل21رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا

کراچی میں یومِ شہادت ِ حضرت علی کے جلوس کیلئے تفصیلی سیکورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا،کراچی اورحیدرآباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد

منگل 5 جون 2018 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) شیر خدا حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت کل (بدھ)21رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں جلوس، مجالس ، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔

کراچی میں یوم علی رضی اللہ عنہ کے جلوس کے لیے سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے اور صوبے بھرمیں جلوسوں کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں کراچی میں یومِ شہادت ِ حضرت علی کے جلوس کے لیے تفصیلی سیکوریٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جبکہ کراچی اورحیدرآباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی گئی ہے کراچی میں یوم علی رضی اللہ عنہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا اوراپنے مقررہ روٹ پرانی نمائش ، صدر ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک ، ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیان ایرانیان امام بارگاہ پراختتام پذیرہوگا۔

(جاری ہے)

یوم علی کے جلوس کے روٹ کو سیکورٹی انتظامات کی مناسبت سے پولیس نے 6 سیکٹرز اور 15 سب سیکٹر ز میں تقسیم کیاہے ، ہر ایک سیکٹر کی کمانڈ بالترتیب ایس پی اور ڈی ایس پی کریں گے۔پلان کے تحت 40 ایمبولینسیں مجوزہ پوائنٹس پر تعینات کی جائیں گی اور پولیس کی تعیناتی کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے تحت مکمل روٹ کی سائڈ لائنیں بند کرکے جلوس کا روٹ مکمل سیل کیاجائیگا۔

علاوہ ازیں صوبے کے دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں سے بھی یوم علی رضی اللہ عنہ کے جلوس برآمد ہوں گے جس کیلئے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں جلوسوں میں داخلے کیلئے مخصوص راستے بنائے گئے ہیں اور شرکا کو جامع تلاشی کے بعد ہی شامل ہونے کی اجازت ہو گی۔پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جلوس کے روٹس کی سرچ اور سوئپنگ کے علاوہ جلوسوں کی کڑی نگرانی اور حفاظتی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں۔نشترپارک ورجلوس کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں جبکہ شرکا کی ایک سے زائد مقامات پر تلاشی لی جارہی ہے۔جلوس کی مانیٹرنگ کیلیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں ۔