حیدرآباد میں انتخابات 2018ء کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری، 3 قومی اور6 صوبائی نشستوں کے لیے 277 فارمز کا اجراء

منگل 5 جون 2018 21:00

حیدرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) انتخابات 2018ء کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ حیدرآباد ضلع کی 3 قومی اور 6 صوبائی نشستوں کے لیے منگل کو بھی 277 فارم کا اجراء ہوا جبکہ سب سے پہلا فارم تبدیلی پسند پارٹی کے علی قاضی نے جمع کرایا۔ علی قاضی پی ایس 63 سے امیدوار ہیں، دوسرا فارم جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے امیر اور متحدہ مجلس عمل کے ضلعی صدر حافظ انجینئرطاہرمجید راجپوت نے جمع کرایا وہ این ای226سے ایم ایم اے کے امیدوار ہیں جبکہ پی ایس 64سے پاک سرزمین پارٹی کے نمائندوں عرفان خان ، اعجاز شیخ ، شہباز عابدی اور پی ایس 65سے ارشد قریشی نے فارم جمع کرائے ہیں۔

نامزدگی فارم وصول کرنے والوں میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے پی ایس 62اور ہوت خان گادھی نے پی ایس 63سے اور ڈاکٹر عبدالحمید میمن نے این ای225کے لیے نامزدگی فارم وصول کئے ہیں۔

(جاری ہے)

جی ڈی اے کے گلزار جمانی نے بھی این اے 225سے فارم وصول کیا ہے، سابق ضلعی نائب ناظم ظفر راجپوت نے این ای227فارم وصول کیا ہے وہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، پی ایس 67 سے پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر عرفان گل مگسی ، مسلم لیگ (ن) کے عبدالغنی نقشبندی اور ندیم اقبال نے کاغذات نامزدگی وصول کئے ہیں جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سابق ایم پی اے عبدالوحیدقریشی نے پی ایس66اور جماعت اسلامی حیدرآباد کے نائب امیر ڈاکٹر سیف الرحمن نے پی ایس 64سے فارم وصول کئے ہیں،وہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔