پولیس اور ینجرزکی مشترکہ کارروائی ،سرجانی ٹاؤن سے اسلم عرف حیدرآباد ی گرفتار

ملزم یکم مئی کو کورنگی نمبر پانچ ڈی ایریا میں ہد عرف پاسپورٹ کے قتل میں ملوث ہے،مزید تفتیش جاری

منگل 5 جون 2018 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سرجانی ٹاؤن کے علاقے سے ملزم اسلم عرف حیدر آبادی کو گرفتار کیا جو یکم مئی کو کورنگی نمبر پانچ ڈی ایریا میں قتل ہونے والے شخص شاہد عرف پاسپورٹ کے قتل میں ملوث ہے ۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اقرار کیاکہ اس نے اپنے ساتھیوں نور الدین عرف ارشی ، راشد اور عمران عرف گنجا کے ساتھ مل کر شاید عرف پاسپورٹ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا ۔

ملزم اسلم عرف حیدر آبادی کی نشاندہی پر مشترک تفتیشی ٹیم نے دیگر ملزمان نور الدین کو شاہ فیصل اور راشد کو کورنگی سے گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول اور موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملزمان نے دوران تفتیش یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ وہ 18 اپریل 2018 کو کورنگی نمبر ساڑھے پانچ سیکٹر 51 ڈی میں صلاح الدین عرف مانو کے قتل میں بھی ملوث ہیں ۔

جائے وقوعہ سے برآمد شدہ خولوں کی فرانزک رپورٹ کے مطابق دونوں قتل کی وارداتوں میں ایک ہی اسلحہ استعمال ہوا ہے ۔ پولیس اور رینجرز کی مشترکہ تفتیش کے دوران یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ ان دونوں قتل کی وارداتوں کا محرک پلاٹ پر قبضے ( چائنا کٹنگ ) کا جھگڑا تھا ۔ تینوں ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔