مال کی کثرت مالداری نہیں بلکہ مالداری کا تعلق دل کی سخاوت سے ہے،محمد امین عطاری کا اجتماع سے خطاب

منگل 5 جون 2018 21:07

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی سخاوت عام ہے اور ماہ رمضان المبارک میں آپ بہت زیادہ سخاوت فرماتے تھے۔آپ ? نے جسے عطا فرمایا تو اتنا دیا کہ دوبارہ اسے مانگنے کی حاجت پیش نہ آئی،اللہ کے نیک بندے سخی ہونے کیساتھ اخلاق کے بھی اچھے ہوتے ہیں ،اللہ والوں کے پاس جب مال آتا ہے تو وہ بانٹ دیتے ہیں،جب سخاوت کریں گے تو لوگوں کیساتھ ہمدردی کرنا آسان ہوجائیگا ، جب تک ہم کسی کے کام آتے رہے گے اللہ تعالیٰ ہماری مدد فرماتا رہیگا، کسی کے کام آنا ،مدد کرنا یہ ایسا عمل ہے جس سے دل میں خوشی وراحت محسوس ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیضان کنزالایمان مسجد ریلوے سوسائٹی بروری روڈ کوئٹہ میں شخصیات اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے دل مسلمانو ں کی خیر خواہی کے جذبے سے خالی ہوتے جارہے ہیں ،ہم خود تو اچھا کھاتے ، کماتے ،اچھا پہنتے اور عالیشان زندگی گزارتے ہیں مگر آہ غریب ونادار رشتے داروں ، پڑوسیوں ودیگر مسلمانوں کی خیر خواہی کرنا اب ہم کسی بھولی ہوئی چیز کی طرح بھلا چکے ہیں ، زرق ،عمر میں برکت چاہنے والوں کو چاہئے کہ وہ رشتہ داروں کیساتھ صلہ رحمی کریں۔

محمد امین عطاری نے کہا کہ سچے مسلمان سخی ،ایثار کے پیکر ، دکھ تکلیف میں گھرے مسلمانوں کے مشکل وقت میں کام آتے ہیں ،انہیں اپنی مشکلات کی ذرہ برابر پرواہ نہیں ہوتی ، ہمیںچاہئے کہ ہم ان پاک ہستیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے رمضان وغیر رمضان میں عملی طور پر مسلمانوں کے خیر ٰخواہ بن کر ان کے کام آنے والے بن جائیں۔انہوں نے کہا کہ مال کی کثرت مالداری نہیں بلکہ مالداری کا تعلق دل کی سخاوت سے ہے ، اللہ ہمیں مال وعزت کی خواہش سے بچائے ، ہمیں مال کے فتنے سے محفوظ فرمائے ،ہمیں اتنا دے کہ ہمارا گزر اوقات ہوجائے،ہمیںحرام کے لقموں سے بچائے ،حلال مال ملے اور وہ بھی باکفایت ملے۔