ضلعی انتظامیہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے مثالی اقدامات کررہی ہے، ڈپٹی کمشنر زاہدسہیل

منگل 5 جون 2018 21:10

ملتان۔5 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی دور حاضر کا سب سے سنگین مسئلہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے مثالی اقدامات کررہی ہے۔ شجرکاری ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ تمام ادارے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے عوام میں آگاہی پیدا کریں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ آگاہی واک کا انعقاد رضا ہال تا چوک کچہری تک کیا گیا ۔ جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اہلکاران، سول ڈیفنس، ریسکیو سٹاف، سول و این جی اوز کے نمائندوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے مزید کہا کہ پلاسٹک کی اشیاء ، گاڑیوں کا دھواںو دیگر گیسز ہمارے ماحول کو آلودہ کررہی ہیں جس کے باعث ہمارے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے ہم سب کو چاہئے کہ ہم اپنے حصے کا درخت ضرور لگائیں۔ درخت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کا قدرتی ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ماحول کو صاف ستھرا رکھیں ۔ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ شہری بھی فطری ماحول کی بہتری کے لئے میدان میں آئیں۔

متعلقہ عنوان :