اینٹی انکروچمنٹ سیل کا دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کے خلاف کریک ڈائون

منگل 5 جون 2018 21:13

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل نے نیاپل سبزی منڈی روڈ پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے درجنوں تجاوزات کو تحویل میں لے کر پختہ تجاوزات مسمار کرنے کے لئے قابضین کو عید کے بعد تک کا حتمی الٹی میٹم دیدیا، میونسپل کمشنر کی نگرانی میں کی جانے والی کاروائی کے دوران قابضین کی مزاحمت پولیس نے ناکام بنادی۔

(جاری ہے)

میونسپل کمشنر نے بل بورڈ ز کاٹنے کیلئے اینٹی انکروچمنٹ سیل کو گرین سگنل دیدیا، سپریم کورٹ کے تشکیل کردہ فراہمی ونکاسی آب کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر)امیرہانی مسلم کے احکامات کے بعد اینٹی انکروچمنٹ سیل کے عملے نے انچارج توحیداحمد کی سرکردگی میں نیاپل سبزی منڈی کے روڈ پر دوبارہ قائم کی جانے والی غیرقانونی تجاوزات کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے درجنوں ٹھیلوں، پتھاروں کو تحویل میں لیا،کاروائی کے دوران میونسپل کمشنر نصراللہ عباسی بھی موجود رہے ، کاروائی کے دوران بعض قابضین نے مزاحمت کی جیسے موقع پر موجود اینٹی انکروچمنٹ فورس کے اہلکاروں نے ناکام بنادیا جبکہ میونسپل کمشنر نے ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر سعید احمد منگنیجو اورڈپٹی کمشنر انیس الرحمن دستی کے احکامات پر سٹی اورلطیف آباد کے تمام علاقوں میں لگے ہوئے ہزاروں بل بورڈز کاٹنے کے لئے اینٹی انکروچمنٹ فورس کوگرین سگنل دیدیا ہے ،ذرائع کاکہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں بل بورڈز کاٹنے کے لئے بڑا آپریشن کیاجائے گا۔