Live Updates

وردی دہشت گردی کے پیچھے نہیں اسے روکنے کے لئے آگے کھڑی ہے،صاحبزادہ حامد رضا

اصغر خان کیس پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے۔ ن لیگ کے دور اقتدار میں گردشی قرضے 573 ارب تک پہنچ گئے ہیں۔ ن لیگ عمران خان کی کردارکشی کے لئے ریحام خان کو استعمال کر رہی ہے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل

منگل 5 جون 2018 21:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ وردی دہشت گردی کے پیچھے نہیں اسے روکنے کے لئے آگے کھڑی ہے۔ اصغر خان کیس پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے۔ ن لیگ کے دور اقتدار میں گردشی قرضے 573 ارب تک پہنچ گئے ہیں۔ ن لیگ عمران خان کی کردارکشی کے لئے ریحام خان کو استعمال کر رہی ہے۔

چیف جسٹس کا پانی بحران کو پہلی ترجیح قرار دینا خوش آئند ہے۔ منظور پشتین پاکستان دشمن طاقتوں کا مہرہ ہے۔ پاک فوج نے پشتونوں کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ امریکہ اور بھارت پاک فوج کو متنازعہ بنانے کے لئے نواز شریف کو استعمال کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے انتخابی امیدواروں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاناما کی گھنٹی انتخابی مہم کے دوران بھی بجتی رہے گی۔ کرپٹ ٹولہ 25 جولائی کو عوام کی عدالت سے بھی نااہل قرار پائے گا۔ پاکستان کی عوام پاک فوج کے مخالفین سے نفرت کرتی ہے۔ نئے الیکشن میں عوام ووٹ کے ذریعے احتساب کرے گی۔ ووٹ کے درست استعمال سے ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ ہم نے الیکشن لڑنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ عید کے بعد زوردار انتخابی مہم شروع کر دی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات