متنازع انٹرویو: پی سی بی نے حفیظ کی وضاحت کے بعد معاملہ ختم کردیا

میرا مقصد آئی سی سی پر تنقید کرنا نہیں تھا ،ْمحمد حفیظ کی گفتگو

منگل 5 جون 2018 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) پی سی بی نے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کے متنازع انٹرویو پر کرکٹر کی وضاحت کے بعد معاملہ ختم کردیا۔قومی کرکٹر محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قوانین پر بات کی تھی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا جب کہ اس حوالے سے انہیں طلب بھی کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ متنازع انٹرویو کیمعاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہارون رشید، سلمان نصیر اور امجد بھٹی پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی سی بی نے حفیظ کی وضاحت قبول کرکے معاملہ ختم کردیا۔دوسری جانب سابق کپتان محمد حفیظ نے کمیٹی میں پیشی کے موقع پر کہا کہ میرا مقصد آئی سی سی پر تنقید کرنا نہیں تھا، میں نے بولنگ ایکشن ٹیسٹ کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز دی تھیں۔انہوں نے کہاکہ کرکٹ فینز کے قانون سے متعلق شکوک و شبہات دور کرنے کے لیے تجاویز دی تھیں، بدقسمتی سے میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔