سپریم کورٹ کا پی آئی اے کے جہازوں پر مارخور کی تصویر پینٹ کرانے کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس میں ایم ڈی پی آئی اے کا نام واچ لسٹ میں ڈالنے کا حکم

منگل جون 21:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2018ء) سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے جہازوں پر پاکستان کے جھنڈے کی جگہ مارخور کی تصویر پینٹ کرانے کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس میں ایم ڈی پی آئی اے کا نام واچ لسٹ میں ڈالنے کا حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 28 جون تک ملتوی کردی ہے۔ منگل کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ایم ڈی پی آئی اے سے استفسار کیاکہ کیا آپ نے ادارے کے ملازمین کوتنخواہیں ادا کردی ہیں۔ ایم ڈی نے بتایا کہ تمام ملازمین کوتنخواہیں دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم جب تک سب ملازمین کو تنخواہ نہیں مل جاتی، اس وقت تک میں بھی تنخواہ نہیں لوں گا۔ جس پرچیف جسٹس نے ان سے کہاکہ یہ اچھی بات ہے، میں نے بھی تنخواہ نہیں لی لیکن عدالت کوبتایا جائے کہ آپ نے پی آئی اے کے طیاروں سے پاکستان کاجھنڈا ہٹادیا اور 34000 ڈالر لگا کر طیاروں کی دم (ٹیلز) کو مارخور کی تصاویر سے رنگین کرا لیا، سوال یہ ہے کہ مارخور کی تصویر بعد میں بھی لگائی جا سکتی ہیں، پہلے جہازوں کواندر سے بہترکرلیاجاتا، جس پرایم ڈی پی آئی اے نے کہا کہ تنخواہ سمیت دیگرمعاملات پرتوجہ دینے کے ساتھ جہازوں کو اندر سے بھی بہتر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بعدازاں عدالت نے ایم ڈی پی آئی اے کا نام واچ لسٹ میں ڈالنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 خون تک ملتوی کردی۔