شاہ عبدالطیف یونیورسٹی میں پینے کے میٹھے پانی کی اسکیم کا افتتاح ہو گیا

منگل 5 جون 2018 21:53

سکھر۔ 5جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) شاہ عبدالطیف یونیورسٹی میں پینے کے میٹھے پانی کی اسکیم کا افتتاح ہو گیا، کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے افتتاح کیا، یہ واٹر سپلائی اسکیم ضلعی حکومت خیرپور کے تعاون سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے پایہ تکمیل تک پہنچی ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی کی کوششوں سے چار دہائیوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صاف اور میٹھے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے طلبہ و طالبات اور سٹاف کو بہت مسائل کا سامنا تھا۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے اس موقع پر واٹر سپلائی سکیم کی فراہمی پر خیرپور کی ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے یونیورسٹی کے تمام اسٹیک ہولڈرز مستفیض ہوں گے۔ اس موقع پر پروفیسر ایاز گل صدر اورپروفیسر ڈاکٹر اختیار علی گھمر جنرل سیکریٹری شاہ عبداللطیف یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (سلوٹا)، محمد مراد پیرزادہ صدر اور نذیر احمد منگنیجو جنرل سیکرٹری آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور میر حسن میتلو صدر اور لالا رضا محمد درانی جنرل سیکرٹری ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے یونیورسٹی کا حقیقی اور دیرینہ مسئلہ حل کرنے پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی کوششوں کو سراہا۔