پاکستان میں جمہوری عمل کا تسلسل خوش آئند ہے، حاجی محمد ہارون میمن

منگل 5 جون 2018 21:58

سکھر۔ 5جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے چیئرمین حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں جمہوری عمل کا تسلسل خوش آئند ہے صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ عام انتخابات کے ذریعے جمہوریت کو تقویت دی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرے پر روانگی سے قبل سکھر ایئرپورٹ پر رخصت کرنے کیلئے آنیوالے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ حاجی محمد ہارون میمن نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں صبر و برداشت اور قومی مفاد کے جذبے سے عام انتخابات میں حصہ لیکر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں پاکستان کا قیام ایک جمہوری عمل کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا اور جمہوری عمل کے استحکام سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام اور وفد سے کہا کہ وہ اپنے ووٹ کا حق پاکستان کے بہتر مفاد میں استعمال کریں اور پاکستان کی ترقی خوشحالی امن و استحکام کیلئے اپنے ووٹ کی طاقت کے ذریعے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ ملک کی بہتری کیلئے آگے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے اور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اہل ایماندار مخلص، اچھے اخلاق کو کردار کے مالک نمائندے منتخب کریں جو ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت کی اصل روح کے مطابق نظام حکومت کو چلایا جائے تو بہت مسائل بہتر انداز سے حل ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :