لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کینٹ سے جواب طلب کر لیا

منگل 5 جون 2018 22:00

لاہور۔5 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کینٹ شمشیر اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ درخواست میں توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لانے کی استدعا کی گئی ہے۔ منگل کو لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے شمیم اختر کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ محکمہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کے ایماء پر درخواست گزار کو غیرقانونی طور پر تنگ اور حراساں کیا جانے لگا ہے جبکہ عدالت نے درخواست پر تنگ اور حراسان کرنے سے روک دیا تھا، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے، عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب داخل کروانے کی ہدایت کر دی ۔