آفاق احمد نے مہاجر اکابرین اور بزرگوں کی مشاورت سے جنوبی سندھ صوبے کا اعلان کرکے ثابت کردیا کہ مہاجر قوم میں قیادت اور لیڈرشپ کا کوئی فقدان نہیں، تنویر قریشی

منگل 5 جون 2018 22:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان) کے سیکریٹری مالیات تنویر قریشی نے کہا کہ 70سالوں سے سندھ کے شہری علاقوں میںبسنے والوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور ذیادتیوں کے خلاف آفاق احمد نے مہاجر اکابرین اور بزرگوں کی مشاورت سے جنوبی سندھ صوبے کا اعلان کرکے ثابت کردیا کہ مہاجر قوم میں قیادت اور لیڈرشپ کا کوئی فقدان نہیں ۔

تنویر قریشی نے کہا کہ آفاق احمد مہاجر قوم کے وہ نظریاتی اور مہاجر فکروسوچ کے حامل لیڈر ہے جو کٹھن اور نامصائب حالات کے باوجود مہاجر قوم کو منجھدار میں چھوڑ کربھاگے نہیں بلکہ 8 سالہ اسیری اور مخالفین کے ظلم و ستم کے باوجود ناصرف اپنی قوم کے ساتھ کھڑے رہے بلکہ اپنی قوم اور اسکی شناخت سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں ،انکی زندگی کا مقصد مہاجر قوم کی آنے والی نسلو ں کو ان محرومیوں سے نجات دلانا ہے جن سے مہاجر قوم 70سالوں شکار بنی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

تنویر قریشی نے عارضی بیت الحمزہ پر لیاقت آباد سے آئے بزرگوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر بھی نئے صوبوں کے قیام میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں وہ ملک و قوم کے مخلص اور خیر خواں نہیں بلکہ بیرونی ایجنڈے پر کارفرماں ہے ،صوبوں کے قیام کا مقصد انتظامی امور میں بہتری اورعوام کو مشکلات سے نجات دلانا ہوتی ہیں،جسکی وجہ سے جنوبی سندھ صوبہ آج ہر مظلوم اور بے کس کی آواز بن چکا ہے جسے اب روکنا یا دبانا ملکی استحکام اور امن و امان کو داو پر لگانے کے مترادف ہے۔

تنویر قریشی نے کہا کہ جنوبی سند ھ صوبے کا فیصلہ دوچار دنوں یا چند نا انصافیوںکا ردعمل نہیں بلکہ اس کے پیچھے ظلم و بربریت کی طویل اور دردناک داستان ہے جسے مختصر وقت میں بیان کرنا ممکن نہیں،انہوں نے کہا کہ جنوبی سندھ صوبے کے قیام کیلئے پاکستان کے جغرافیائی حدود اورآئین پاکستان کی پاسداری کرتے ہوئے ہر وہ قانونی راستہ اختیار کرینگے جسکا ہمیں اختیار اور حق ہے جبکہ ہماری پر امن اور قانونی جدوجہد کو منفی سوچ سے منسوب کرنے والے ہمیں ہماری جدوجہد سے دور نہیں کرسکتے ۔

متعلقہ عنوان :