امید ہے الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں کرائے گا، سینیٹر عبدالقیوم

منگل 5 جون 2018 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئندہ عام انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں کرائے گا۔ منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح تمام سیاسی جماعتوں نے نگران وزیراعظم کے لیے ناصر الملک کے نام پر اتفاق رائے کرتے ہوئے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کیا ہے اسی طرح تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات کے نتائج کو بھی قبول کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سمیت ملک بھر میں دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کو شروع کیا اور ہم اپنی انتخابی مہم میں اپنی کارکردگی اور انہی فلاحی منصوبوں کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

سینیٹر عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ ہم پرعزم ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذید ترقی کے سنگ میل کے حصول کے لیے ریاست کو درست سمت میں چلانے کی ذمہ داری اب نگران سیٹ اپ کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف احتساب بلاامتیاز ہونا چاہئے۔