کاغذات نامزدگی فارم سے متعلق درخواست کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل

منگل 5 جون 2018 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کاغذات نامزدگی فارم سے متعلق درخواست کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔تفصیلات کے مطابق کاغذات نامزدگی کیس کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ کی سربراہی چیف جسٹس کریں گے ،لارجربینچ میں جسٹس عظمت سعید شیخ، جسٹس مشیرعالم، جسٹس سردارطارق اورجسٹس مظہرعالم میاں خیل شامل ہیں. درخواست کی سماعت کل صبح ساڑھے 11 بجے ہوگی ۔

درخواست گزار کی جانب سے بعض حذف کردہ شقوں کی بحالی کی استدعا کی گئی تھی ۔ انتخابی اصلاحات ایکٹ کے تحت نئے کاغذات نامزدگی فارم کا جائزہ لیاجائے گا ،واضح رہے کہ سیاست دانوں کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی میں کی جانے والی حالیہ تبدیلیاں کو لاہورہائی کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا تھا، جس کے فوری بعد الیکشن کمیشن نے کاغذات کی وصولی کا عمل روک دیا۔

(جاری ہے)

فیصلے کے اگلے روز نگراں وزیر اعظم جسٹس(ر) ناصر الملک نے اس کے خلاف اپیل کی ہدایت جاری کی، کیوں کہ اس سے الیکشن میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے کاغذاتِ نامزدگی میں تبدیلی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا، الیکشن کمیشن کی درخواست بھی منظور کرلی تھی، اب اس ضمن میں لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے ۔