انٹرنیٹ پر ہربل ٹی بیگ منگوانے والے شخص کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی

Ameen Akbar امین اکبر منگل 5 جون 2018 23:44

انٹرنیٹ پر ہربل ٹی بیگ منگوانے  والے شخص  کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی

انٹر نیٹ پر ہربل ٹی بیگ یا کوئی اور چیز منگوانا عام سی بات ہے لیکن ایک نوجوان روسی  شاید اب  زندگی میں انٹرنیٹ سے کوئی چیز نہیں منگوائے گا۔
الیکسی  نویکوف کی افسوسناک کہانی کا آغاز ستمبر 2015 میں ہوا۔ 34سالہ الیکسی  روس کے سمارا علاقے  میں رہنے والی اپنی بیوی اور بیٹی کو لینے جا رہے تھے۔  بس سے جانے کی بجائے انہوں نے لفٹ لے کر سفر کرنے کو ترجیح دی۔

اپنے سفر کو کم کرنے کے لیے انہوں نے قازقستان سے گزر کر جانے والے چھوٹے راستے سے جانے کا سوچا۔ کسی مشکل سے بچنے کے لیے انہوں نے ایزیکول روڈ بارڈ پوسٹ کا رخ کیا۔ بارڈر پوسٹ کے سیکورٹی گارڈز نے ان سے سوال جواب کرنے سے پہلے ہی سامان کی تلاشی کامطالبہ کیا۔یہیں سے الیکسی کی مشکلات کا آغاز ہوگیا۔سامان کی تلاشی کے دوران گارڈ کو ایک پیکٹ ملا ، جس پر Diabetisan لکھا  تھا۔

(جاری ہے)

اس بیگ میں مختلف خشک پودے تھے۔ الیکسی نے وضاحت کی کہ یہ  ذیابیطس کو روکنے کے لیے قدرتی جڑی بوٹیوں کی چائے ہے۔اس بیگ میں سپینی زبان میں لکھا ایک نسخہ بھی تھا، جس پر ”ذیابیطس کی روک تھام اور علاج کے لیے 6 منفرد جڑی بوٹیاں“ لکھا تھا۔ الیکسی نے مشکوک سیکورٹی گارڈ  کو اس سے چائے بنا کر پینے کی پیش کش کی  لیکن سیکورٹی گاڑی نے منشیات سونگھنے والے کتے  کو بلوا لیا۔


کتے نے  جڑی بوٹیاں سونگھی   اور لاپروائی سے الگ ہوگیا، جیسے اس میں کوئی مشکوک بات نہ ہو۔سیکورٹی گارڈ نے کتے کے جڑی بوٹیاں سونگھنے کا ذکر اپنی رپورٹ میں نہیں کیا لیکن بعد میں الیکسی کے وکیل نے جب نگرانی کے کیمروں کی فوٹیج نکلوائی تو معلوم ہوا کہ کتے کو بھی  جڑی بوٹیوں پر شک نہیں ہوا تھا۔سیکورٹی گارڈز نے جڑی بوٹیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا  اور الیکسی کو جانے کی اجازت دے دی۔

رپورٹ کے مطابق سیکورٹی گارڈ نے جڑی بوٹیوں کے بیگ پر”سبزی کی طرح کا  گہرے رنگ کا سبز مواد جس کی خوشبو چائے جیسی ہے“ لکھ دیا۔ اس بیگ کو ایک  گواہ کے سامنے ضبط کیا گیا تھا۔ الیکسی نے اس پر اعتراض نہیں کیا بلکہ وضاحت دی کہ اسے پیرو نے منگوایا گیا تھا۔اس کے بعد الیکسی چلا گیا۔
تین ماہ بعد الیکسی کا نام روس کے مطلوب مجرموں کی فہرست میں شامل کر دیا گیا۔

29 جنوری کو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ان پر غیر قانونی سمگلنگ کا الزام لگا کر گھر سے 800 کلومیٹر دور سخت حفاظتی تحویل میں رکھا گیا۔نومبر 2016 میں الیکسی کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
الیکسی کے وکیل نے مقدمے کے حوالے سے روس کے عدالتی نظام کی خامیوں کے بارے میں  بتایا۔انہوں نے ثابت کیا کہ استغاثہ نے جعلی ثبوت مہیا کیے ہیں۔ مثال کےطور پر جو بیگ ضبط کیا گیا تھا، وہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا  بلکہ عدالت میں دوسرا بیگ پیش کیا گیا تھا۔

عدالت میں پیش کیے گئے بیگ کی سیل بھی تبدیل تھی۔ اس بیگ پر سامان ضبط کرنےو الے آفیسر کی بجائے ان سے پہلے ڈیوٹی ختم کر کے جانے والے آفیسر کے دستخط تھے۔اس کے علاوہ جو بیگ پیش کیا گیا ، اس میں اسپینی میں لکھا نسخہ بھی  نہیں تھا۔سیکورٹی  گارڈ نے بیگ پر لکھی تحریر بھی بدل کر ”گہرے بھورے  رنگ کا مواد، جس کی بو تیکھی اور خاص ہے۔
الیکسی کے وکیل نے بتایا کہ جج بیلوبوروڈوف نے ثبوتوں میں تبدیلیوں کا نوٹس تک نہیں لیا۔

خاتون جج نے الیکسی کو 10سال قید کی سزا سنا دی۔
تمام باتوں کے باوجود الیکسی کے وکیل نے بڑی عدالت میں اپیل کر دی۔ وہ مزید ثبوتوں کے ساتھ  عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں  نے ماہرین کی رپورٹ پیش کی، جس کے مطابق  ضبط کیے گئے مواد کو منشیات قرار نہیں دیا جا سکتا۔ پچھلے ماہ عدالت نے الیکسی پر منشیات کی سمگلنگ کے الزامات تو ختم کر دئیے لیکن ڈرگ سمگلنگ کا الزام برقرار دیا۔

اس کے ساتھ ہی  الیکسی کی سزا میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی۔ یہ دس سال ایک مہینے ہی رہی۔
الیکسی کا کیس روس کے انسانی حقوق کے علمبرداروں کی نظروں میں آ چکا ہے۔ جلد ہی اس حوالے سے سپریم کورٹ میں ایک اپیل دائر کی جائے گی۔ اس وقت الیکسی جیل میں ہیں، جب کہ اُن کی بیوی سے بیٹی کی پرورش کا حق چھین لیا گیا ہے۔ اُن کی بیٹی اب اپنی دادی کی تحویل میں ہے۔