لیبیا کے وزیراعظم کی خادم الحرمین الشریفین سے ملاقات

بدھ 6 جون 2018 10:20

مکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) لیبیا میں قومی اتحاد کی حکومت کے سربراہ فائز السراج نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ۔سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات گذشتہ روز نماز مغرب سے قبل مکہ معظمہ میں الصفا شاہی محل میں ہوئی۔ ملاقات کے موقع پر سعودی حکومت اور لیبیا کے وزیراعظم کے ساتھ وفد میں اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

تمام مہمانوں نے شاہ سلمان کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور لیبیا کیوزیراعظم کے درمیان جدہ میں ملاقات ہوئی۔فائز السراج کی سعودی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں دوطرفہ امور، ریاض اور طرابلس کے درمیان تعلقات فروغ اور لیبیا میں امن واستحکام پر بات چیت کی گئی۔سعودی قیادت نے فائز السراج کو یقین دلایا کہ ان کا ملک لیبیا کی تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لیے ہرممکن مساعی جاری رکھے گا۔