سعودی عرب،آرامکو میں پانچ شعبوں کے نئے سربراہوں کا تقرر

بدھ 6 جون 2018 11:00

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) سعودی عرب کی بڑی تیل کمپنی آرامکو نے پانچ شعبے کے نئے سربراہوں کا تقرر کیا ہے۔ سعودی اخبار کے مطابقخالد الدباغ کو شعبہ مالیات کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے۔انھیں قائم مقام سربراہ کے عہدے پر فائز رہنے والے عبداللہ السعدان کی جگہ مقرر کیا گیا ہے۔السعدان آرامکو کے چیف فنانشیل آفیسر تھے اور وہ آرامکو کے 2019ء میں پہلی مرتبہ حصص کی عوامی فروخت (آئی پی او) سے متعلق امور کی نگرانی کررہے تھے۔

ذرائع کے مطابق آرامکو نے آئی پی او ڈویلپمنٹ کے نائب صدر معتصم المعشوق کو خزانے کے نائب صدر کی اضافی ذمے داری سونپی ہے۔ آرامکو نے ان نئی تعیناتیوں کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہفتے کے روز شاہی فرامین کے ذریعے مختلف عہدوں پر نئے تقرر کیے تھے اور ان کے پیش نظر ہی آرامکو میں بھی یہ نئے تقرر کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ سلمان نے آرامکوں کے عہدہ دار عبداللہ السعدان کو شاہی کمیشن برائے جبیل اور ینبع کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔شاہ سلمان نے ایک معروف کاروباری شخصیت کو وزیر محنت مقرر کیا تھا اور توانائی ، صنعت اور معدنیات کی وزارتوں کے متعدد نئے نائبین مقرر کیے تھے۔ان میں آرامکو کے بعض عہدے دار بھی شامل ہیں۔آرامکو نے محمد الشماری کو پرو کیورمنٹ اور سپلائی چین مینجمنٹ کا نائب صدر مقرر کیا ہے۔

ان کے پیش رو عبدالعزیز عبدالکریم کو ہفتے کے روز توانائی کا نائب وزیر مقرر کیا گیا تھا۔نبیل الجمعہ کو آرامکو کے کارپوریٹ امور کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے اور ان کے پیش رو ناصر النفیسی کو شاہ سلمان نے توانائی کا معاون وزیر مقرر کردیا تھا۔ نبیل الدبال اب شعبہ انسانی وسائل کے سربراہ ہوں گے۔