انجینئرنگ میڈیکل اور ڈینٹل کالجزمیں داخلوں کے لئے ایٹا کے ٹیسٹ کا انعقاد ایوب میڈیکل کالج میں ہی کیا جائے گا، ڈاکٹر سلمیٰ اسلم کنڈی

بدھ 6 جون 2018 11:43

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر سلمیٰ اسلم کنڈی نے کہا ہے کہ سال 2018ء میں انجینئرنگ میڈیکل اور ڈینٹل کالجزمیں داخلوں کے لئے ایٹا کے ٹیسٹ کا انعقاد ایوب میڈیکل کالج میں ہی کیا جائے گا۔بدھ کو یہاں’’اے پی پی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ ہر سال ہزاروں طلباء انٹری ٹیسٹ میں حصہ لیتے ہیں اور یہ ٹیسٹ ہمیشہ سے ایوب میڈیکل کالج میں ہی منعقد کیا جاتا ہے اس سال کچھ وجوہات کی بناء پر یہ ٹیسٹ ہریپور یونیورسٹی میں منعقد کئے جا رہے ہیں لیکن وہ بھر پور کوشش کر رہی ہیں کہ یہ ٹیسٹ ایبٹ آباد میں ہی منعقد کئے جائیں کیونکہ ایبٹ آباد نہ صرف ہزارہ کا مرکز ہے بلکہ یہاں تمام سہولیات بھی میسر ہیںدور دراز سے آئے ہوئے طلباء کو ایبٹ آباد میں رہائش کے لئے کوئی دقت نہیں ہو گی اور اس شدید گرمی میں ایبٹ آباد کا موسم کافی بہتر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا کام زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولیات مہیا کرنا ہے جس کے لئے حتی الامکان کوشش کی جائیگی ۔پروفیسر ڈاکٹر سلمی کنڈی نے بتایا کہ ان کا ایجنڈاایوب میڈیکل کالج کی فیکلٹی اور سٹوڈنٹ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرنا ہے۔تمام سٹاف جس میں پروفیسر ڈاکٹرز سے لیکر درجہ چہارم کاسٹاف شامل ہے ،ان کے لئے قابل احترام ہے اور ان کے تمام مسائل اولین ترجیح بنیادوں پرحل کئے جائیں گے ۔

میڈیکل کالج کے تمام فیصلے اوراقدامات میرٹ پر کئے جائیں گے اور میرٹ سے ہٹ کر کسی کو کسی قسم کا کوئی فائدہ نہیں دیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ میڈیکل کالج کے تمام طلباء کو ہاسٹل میں ایک بہترین صاف ستھرا ماحول اور تمام سہولیات مہیا کرنا ہمارا فرض ہے اس لئے ان کے سب سے اہم مسئلے جو کہ صاف پانی کی ترسیل ہے ،پرکام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے،کالج کے لئے ایک بڑے فلٹر پلانٹ کے علاوہ تمام ہاسٹل میں بھی پانی کے فلٹر لگائے جا رہے ہیں ۔

بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی بہت سی بیماریوں باعث بنتی ہے اور جس رفتار سے زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، اس میں ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت اگانے کی اشدضرورت ہے ،ایوب میڈیکل کالج کے پاس ایک کثیر وافر رقبہ موجود ہے جس پر تمام طلباء کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے ۔اپنے مستقبل کا ایجنڈا بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالج آف ڈینسٹری کو نئی عمارت میں منتقل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے ۔

واضح رہے کہ ڈینسٹری ڈیپارٹمنٹ کے لئے ایک علیحدہ سے عمارت بنائی جاچکی ہے جس میں کالج کے ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ ڈیپارٹمنٹ بنایا جائے گا اور اس میں شعبہ کو تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔اس لئے اپنی تمام کوششیں بروئے کارلاتے ہوئے نئی تعمیر شدہ عمارت کو جلد سے جلد فعال بنایاجائے گا ۔