سعودی خواتین کی ڈرائیونگ تربیت کے لیے غیر مُلکی خواتین انسٹرکٹرز بھرتی کر لی گئیں

اس اقدام کا مقصد خواتین کو جلد از جلد اور بہترین ڈرائیونگ تربیت دلانا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 6 جون 2018 11:41

سعودی خواتین کی ڈرائیونگ تربیت کے لیے غیر مُلکی خواتین انسٹرکٹرز بھرتی ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 6 جُون 2018ء) سعودی عرب میں گزشتہ کچھ عرصے سے اُٹھائے گئے اصلاحی اقدامات کو دُنیا بھر میں حیرانی اور خوشی کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ موجودہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان مُلک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے حوالے سے وِژن 2030 ء ترتیب دے چکے ہیں جس کا مقصد سعودی باشندوں کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ کرنا ہے۔ سعودی خواتین مُلک کی کُل افرادی قوت کا ایک تہائی ہیں۔

ان کی شمولیت کے بغیر سعودی معیشت کو ترقی دینے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ اسی سوچ کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کے لیے خصوصی اصلاحی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں جن میں ایک اقدام اُن پر کئی عشروں سے ڈرائیونگ پر عائد پابندی کا خاتمہ ہے۔ ستمبر 2017ء میں ایک خصوصی شاہی فرمان کے ذریعے خواتین پر سے ڈرائیونگ کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

خواتین کو ڈرائیونگ کی بہترین اور بین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کے لیے مملکت میں گلوبل ٹیم ٹریننگ کے تحت امریکا‘ کینیڈا اور برطانیہ کی خواتین کو سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دینے کے لیے چُنا گیا ہے۔برطانی خاتون سُوسن نیوبن‘ کینڈین خاتون ڈیبورا شیرووُڈ اور امریکی نورما ایڈرینزن بھی اس مقصد کے لیے چُنی گئی غیر مُلکی انسٹرکٹرز کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

یہ خواتین 24 جُون 2018ء سے سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دیں گی۔ یہ وہ تاریخی دِن ہو گا جب مملکت کی خواتین پر سے کئی عشروں محیط ڈرائیونگ پر پابندی ہٹا لی جائے گی اور وہ مُلک بھر میں کہیں بھی گاڑی ڈرائیو کرتی نظر آئیں گی۔ ان غیر مُلکی خواتین کو سینیئر انسٹرکٹر کے طور پر دو سال کی مُدت کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے‘ جو سعودی خواتین کی مقامی ڈرائیونگ انسٹرکٹرز اور ممتحنوں کو ٹریننگ دیں گی۔

اس وقت آٹھ ہزار کے قریب سعودی خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر لیے ہیں۔ ملک بھر کے پانچ بڑے شہروں میں خواتین کو ڈرائیونگ سکھانے کی غرض سے ڈرائیونگ سکول کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سعودی انسٹرکٹرز کے لیے ان سعودی خواتین کی خدمات بھی حاصل کی جائے گی جن کے پاس پہلے سے غیر ملکی لائسنس موجود ہیں۔ 18سال اور اس سے زائد عمر کی خواتین ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی مجاز ہوں گی۔