فٹ بال ورلڈ کپ ، برازیل کی ٹیم 5 مرتبہ میگا ایونٹ جیت کر سرفہرست

بدھ 6 جون 2018 12:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیراہتمام اب تک کھیلے گئے فٹ بال ورلڈ کپ ایونٹس میں برازیل کی ٹیم سب سے زیادہ5 مرتبہ میگا ایونٹ جیت کر پہلے نمبر پر ہے جبکہ دفاعی چیمپیئن جرمنی اور اٹلی کی ٹیمیں یہ ٹورنامنٹ4,4 مرتبہ جیتنے کا اعزاز رکھتی ہیں اور اس مرتبہ ٹورنامنٹ میں جرمنی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، جرمنی کی ٹیم 4 مرتبہ ایونٹ جیت چکی ہے، یوراگوئے اورارجنٹائن کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ یہ ٹورنامنٹ اپنے نام کرچکی ہیں جبکہ انگلینڈ ،فرانس اور سپین کی ٹیمیں بھی ایک ایک مرتبہ ورلڈ کپ جیت چکی ہیں۔

(جاری ہے)

برازیل کی ٹیم نے پہلی مرتبہ یہ ایونٹ 1958ء میں جیتا تھا، اس کے علاوہ 1962، 1970، 1994 اور 2002ء میں جیت چکی ہے۔ دفاعی چیمپئن جرمنی کی ٹیم نے پہلی مربتہ میگا ایونٹ 1954ئ میں اپنے نام کیا تھا، دوسری مرتبہ 1974ء کو، تیسری مرتبہ 1990ء کو جبکہ چوتھی مرتبہ 2014ء کو اپنے نام کیا تھا۔ اٹلی کی ٹیم 1934ء، 1938ء، 1982ء اور 2006ء میں جیت چکی ہے۔ فٹ بال ورلڈ کپ کا آغاز 1930ء میں یورا گوئے میں ہوا تھا۔ یوراگوئے کی ٹیم 1930ء اور1950ء میں دو مرتبہ، ارجنٹائن کی ٹیم 1978ء اور 1986ء میں دو مرتبہ جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 1966ء اور فرانس کی ٹیم 1998ء میں اور سپین کی ٹیم 2010ء میں ایک مرتبہ جیت چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :